
تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی، خوشحالی اور شعوری بیداری کی بنیادی ضمانت ہوتی ہے۔ وہ قومیں ہی دنیا میں عزت و وقار حاصل کرتی ہیں جو اپنی نئی نسل کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرتی ہیں۔ ضلع خوشاب میں شعبہ تعلیم کی بہتری، تعلیمی اداروں کی فلاح و بہبود اور طلبہ کو جدید سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اگر کسی شخصیت نے اپنی بھرپور صلاحیتوں، دیانتداری اور عملی اقدامات سے نمایاں مقام حاصل کیا ہے تو وہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن خوشاب محمد عیسیٰ لالی ہیں، جو اپنی علم دوستی، مثبت سوچ اور متحرک قیادت کے باعث اساتذہ کرام ، طلبہ اور والدین کے دلوں میں خاص مقام رکھتے ہیں۔
محکمہء تعلیم کے سرمایہء افتخار محمد عیسیٰ لالی نے بطور سی ای او ایجوکیشن خوشاب اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کیا۔ انہوں نے صرف دفتری امور تک خود کو محدود نہیں رکھا بلکہ ضلع بھر کے سرکاری سکولوں کے مسلسل دورے کر کے زمینی حقائق کا جائزہ لیا۔ ان کے ان دوروں کا بنیادی مقصد سرکاری سکولوں میں تدریسی معیار کو بہتر بنانا، اساتذہ کرام کی حاضری یقینی بنانا اور طلبہ کو سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنا تھا۔
انہوں نے تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط، صفائی، شجرکاری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی۔ ان کی ہدایات پر متعدد سکولوں میں مرمتی کام مکمل ہوئے جبکہ کئی اداروں میں سولر سسٹم کی تنصیب، پینے کے صاف پانی اور فرنیچر کی فراہمی جیسے اہم اقدامات بھی عمل میں آئے۔ یہ اقدامات نہ صرف طلبہ کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کا سبب بنے بلکہ والدین کے سرکاری سکولوں پر اعتماد میں بھی اضافہ ہوا۔
اعلی ا خداداد انتظامی صلاحیتوں کے حامل محمد عیسیٰ لالی کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ صرف عمارتوں کی خوبصورتی پر یقین نہیں رکھتے بلکہ تعلیمی معیار کی بہتری کو اصل کامیابی سمجھتے ہیں۔ اسی سوچ کے تحت انہوں نے اساتذہ کرام کی تربیت، طلبہ کی ذہنی نشوونما اور ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ پر بھرپور توجہ دی۔ ضلع خوشاب میں تقریری مقابلے، کھیلوں کے پروگرام، سائنسی نمائشیں اور ادبی سرگرمیاں اسی مثبت سوچ کا نتیجہ ہیں، جن سے طلبہ کی صلاحیتیں مزید نکھر کر سامنے آ رہی ہیں۔
انہوں نے محکمہ ءتعلیم حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم کو بھی مؤثر انداز میں کامیاب بنایا۔ دیہی علاقوں میں والدین کو تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے، جس کے باعث سکولوں میں طلبہ کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ خصوصاً بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے ان کی کاوشیں قابل صد ستائش و لائق تحسین وآفرین ہیں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن محمد عیسیٰ لالی کی قیادت میں اساتذہ کرام کے مسائل کے حل پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ وہ اساتذہ کرام کو محض ملازم نہیں بلکہ قوم کے معمار سمجھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اساتذہ برادری ان کی انتظامی صلاحیتوں اور مثبت طرزِ عمل کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ ایک مطمئن استاد ہی بہتر انداز میں قوم کے بچوں کی تربیت کر سکتا ہے۔
نامور ماہر تعلیم سی ای او محمد عیسیٰ لالی نے ثابت کیا کہ اگر نیت نیک، وژن واضح اور جذبہ خدمت موجود ہو تو ناممکن کو بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ ان کی علم دوست پالیسیوں نے ضلع خوشاب کے تعلیمی ماحول میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔
آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے مخلص، دیانتدار اور تعلیم دوست افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے جو خاموشی سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے نئی نسل کے روشن مستقبل کے لیے کوشاں ہیں۔ محمد عیسیٰ لالی بلا شبہ ان عظیم المرتبت شخصیات میں شامل ہیں جن کی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔















