بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بھارتی پراکسی کابل رجیم پاکستان میں دہشتگرد گروپوں کی مدد کررہی ہے،خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کابل رجیم بھارتی پراکسی بن چکی ہے اور پاکستان کے اندر دہشت گردی کرنے والے دہشت گرد گروپوں کی حمایت ترک کرنے کو تیار نہیں۔آج قومی اسمبلی میں اسد قیصر کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال معرکہ حق میں شکست کے بعد بھارت میں پاکستان کا براہ راست مقابلہ کرنے کی ہمت نہیں ہے اور وہ اس کے بجائے افغانستان کو پاکستان کے خلاف پراکسی جنگ کیلئے استعمال کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود پاکستان نے افغانستان کے ساتھ تفصیلی مذاکرات کیے تاہم افسوس ہے کہ یہ بے نتیجہ رہے۔انہوں نے کہا کہ کابل حکومت یہ یقین دہانی کرانے کو تیار نہیں کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف حملوں کیلئے استعمال نہیں ہوگی۔

توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ حکومت بجلی کی پیداوار کے لئے مقامی وسائل کو بروئے کار لانے کو ترجیح دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیداوار کے لیے درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہو رہا ہے اور گزشتہ مالی سال کے دوران پیدا ہونے والی بجلی کا 74 فیصد حصہ مقامی ذرائع سے تھا۔

انہوں نے کہا کہ درآمدی کوئلے پر مبنی پلانٹس کو تھر کے کوئلے میں تبدیل کرنے کے لیے ایک مطالعہ مکمل کر لیا گیا ہے اور یہ قابل عمل ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت قابل تجدید ذرائع کی حوصلہ شکنی نہیں کر رہی اور اس کی ترقی مستقل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سولر نیٹ میٹرنگ صارفین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور نئے پروزیومر ضوابط سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے کافی پرکشش ہیں۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ موجودہ صارفین کی سرمایہ کاری کو نئے ضوابط کے تحت تحفظ فراہم کیا گیا ہے اور ان کیلئے قواعد و ضوابط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ ہیپاٹائٹس سی کی سکریننگ کیلئے ملک بھر میں ایک ہزار کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر نیشنل ہیلتھ سروسز مصطفی کمال نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ صوبائی حکومتیں بھی اس منصوبے میں حصہ ڈالیں گی۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت کے علاقے میں ہیپاٹائٹس سی کی تشخیص کے بارہ کاؤنٹر ہیں۔

نیشنل ہیلتھ سروسز کے وزیر نے ایچ پی وی ویکسی نیشن مہم کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچانے کے لیے شروع کی گئی تھی۔ایوان کا اجلاس اب کل صبح گیارہ بجے پھر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button