بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-4 کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کر لیا

پاک فوج کے آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے آج مقامی سطح پر تیار کردہ فتح-4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جدید ایویونکس اور جدید ترین نیویگیشنل نظام سے لیس یہ میزائل انتہائی درستگی کے ساتھ دور دراز اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس تربیتی تجربے کا مقصد فوجی دستوں کی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا اور مختلف ذیلی نظاموں کے تکنیکی معیار کی جانچ کرنا تھا تاکہ ہدف کو زیادہ درستگی اور بہتر دفاعی صلاحیت کے ساتھ نشانہ بنایا جا سکے۔

تربیتی تجربے کے موقع پر پاک فوج کے آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے سینئر افسران کے علاوہ میزائل تیار کرنے والے ادارے کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی شرکت کی۔

صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم، چیف آف آرمی اسٹاف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، پاک بحریہ کے سربراہ اور پاک فضائیہ کے سربراہ نے فتح-4 کے کامیاب تجربے پر متعلقہ ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔

قومی قیادت نے فتح سیریز کے میزائل پروگرام کی کامیابی میں شامل سائنسدانوں، انجینئرز اور دیگر متعلقہ افراد کی فنی مہارت، محنت اور عزم کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button