
وزیر خزانہ کا اقتصادی استحکام برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اقتصادی استحکام کو برقرار رکھنے، غیر ملکی زرمبادلہ کو مضبوط بنانے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وہ اسلام آباد میں وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے اگلے دو سے تین سالوں میں پاکستان میں دس کروڑ ڈالر تک کی ممکنہ سرمایہ کاری کا عندیہ دیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اقتصادی اشاریوں میں بہتری ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں میں اعتماد پیدا کر رہی ہے اور اس طرح کی پیش رفت سرمایہ کاری کے صحت مند ماحول کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ مقامی سرمایہ کاروں کی شرکت غیر ملکی سرمایہ کاری کی مزید حوصلہ افزائی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
محمد اورنگزیب نے ایک بنیادی پالیسی کے طور پر نجکاری اور آئوٹ سورسنگ کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ نجی شعبہ تجارتی اثاثوں کے موثر طریقے سے انتظام کے لیے بہتر پوزیشن میں ہے۔















