قوم آج بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 149واں یوم پیدائش اس عہد کی تجدید کے ساتھ منا رہی ہے کہ وہ ان کے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے رہنما اصولوں کو برقرار رکھے گی۔آج عام تعطیل ہے۔دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ مساجد میں نماز فجر کے بعد بابائے قوم کی روح کے ایصال ثواب اور ملک کی
سلامتی، خوشحالی اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرا دیا گیا ہے جبکہ کراچی میں مزار قائد پر قرآن خوانی اور گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوگی۔قائداعظم محمدعلی جناح اٹھارہ سو چھہترمیںآج کے دن کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے تحریک پاکستان کی قیادت کی جس کا اختتام برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن کے قیام پر ہوا۔
محمد علی جناح نے انیس سو تیرہ سے پاکستان کی آزادی تک آل انڈیا مسلم لیگ کے ایک رہنما کی حیثیت سے اوراس کے بعد گیارہ ستمبر انیس سو اڑتالیس کو اپنی وفات تک پاکستان کے پہلے گورنر جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
قائداعظم کی زندگی ، کارہائے نمایاں اورشخصیت کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کرنے کیلئے سیمینار ، مباحثوں اورنمائشوں سمیت مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔
ریڈیوپاکستان نے بھی تحریک آزادی کے مختلف مراحل اوراس میں قائداعظم محمد علی جناح کے قائدانہ کردار کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی پروگرام ، مباحثے ، انٹرویوز اور رپورٹس تیارکی ہیں۔
