بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

سڈنی،سکھ برداری کا بھارت سے آزاد ی کیلئے ریفرنڈم

سکھ فار جسٹس نے بھارت سے آزادی اور ایک آزاد وطن کے قیام کی غرض سے سڈنی میں ریفرنڈم کے لئے پولنگ کرائی۔ریفرنڈم کے تحت خواتین اور بزرگ شہریوں سمیت اکتیس ہزار سکھوں نے پولنگ کے دوران اپنا ووٹ ڈالا۔ پولنگ صبح نو بجے سے شروع ہوئی اور پانچ بجے تک جاری رہی۔جنرل SHABEG سنگھ ووٹنگ سینٹر سڈنی میں بہت گہما گہمی تھی جس کے دوران پنجابی اور سکھ برادری نے بڑے جوش و خروش سے رائے شماری میں حصہ لیا۔صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے ووٹروں نے کہا کہ سکھ برادری بھارت سے آزادی سے کم پر کسی صورت راضی نہیں ہو گی۔ووٹروں نے کہا کہ خالصتان کی تحریک پورے بھارت میں پھیل رہی ہے۔ووٹرز نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت مخالف پیغامات درج تھے اور وہ خالصتان کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔سڈنی میں خالصتان ریفرنڈم کی ووٹنگ آسٹریلیا کی مہم کا تیسرا مرحلہ تھا۔پہلا مرحلہ اس سال جنوری میں ملبورن میں ہوا تھا جس میں سکھ برادری کے پچاس ہزار سے زیادہ افراد نے ووٹ ڈالے۔دوسرا مرحلہ اس سال مارچ میں برسبین میں ہوا جس میں سکھ برادری کے گیارہ ہزار سے زیادہ افراد نے ووٹ ڈالے تھے۔

Back to top button