بسم اللہ الرحمن الرحیم

سائنس و ٹیکنالوجی

فیس بک اور انسٹاگرام پر مختصر ویڈیوز کے ذریعے آمدنی کے نئے اور آسان منصوبے کا اعلان

دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک اور سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام کی مالک کمپنی ’میٹا‘نے دونوں پلیٹ فارمز پر مختصر ویڈیوز یعنی ریلز کے ذریعے آمدنی کے نئے اور آسان منصوبے کا اعلان کردیا۔

میٹا کے مالک مارک زکربرگ نے ابتدائی طور پر جون 2022 میں فیس بک اور انسٹاگرام پر ویڈیوز کے ذریعے پیسے کمانے کے منصوبے کو پیش کرنے کا اعلان کیا تھا، جسے اب مزید آسان بنا دیا گیا۔

میٹا کی جانب سے اپنی بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ مختصر ویڈیوز یعنی ریلز کے ذریعے آمدنی کے فیچر کو مزید بہتر بناکر اب ویڈیوز پر اشتہارات دکھانے کی مد میں کانٹینٹ کریئیٹرز کو پیسے دیے جائیں گے۔

بلاگ میں واضح کیا گیا کہ کمپنی صارفین کی ریلز کی کارکردگی کی بنیاد پر ان کی ویڈیوز پر اشتہارات چلائے گی اور ویوز کی بنیاد پر ہی کریئیٹرز کو پیسے فراہم کیے جائیں گے۔

کمپنی نے مواد تخلیق کاروں کو تجویز دی کہ وہ دوسری باتوں کو نظر انداز کرکے اپنی ویڈیوز میں تخلیقی صلاحیتیں شامل کرکے انہیں بہتر بنائیں تاکہ انہیں زیادہ سے زیادہ اشتہارات دیے جا سکیں۔

مذکورہ پروگرام کے تحت نہ صرف فیس بک بلکہ انسٹاگرام ریلز پر بھی مواد تخلیق کاروں کو اشتہارات کی مد میں پیسے فراہم کیے جائیں گے۔

یعنی اب فیس بک اور انسٹاگرام پر بھی یوٹیوب کی طرح پیسے کمائے جا سکیں گے۔

میٹا کے مطابق مذکورہ پروگرام کے تحت جلد ہی پہلے انسٹاگرام پر آزمائشی پروگرام شروع کیا جائے گا، جس کے بعد فیس بک کو بھی آزمائش کا حصہ بنا کر کچھ وقت کے بعد پروگرام کو باضابطہ طور پر متعارف کرایا جائے گا۔

کمپنی کے مطابق پہلے مرحلے میں مذکورہ پروگرام دنیا بھر کے 52 ممالک میں پیش کیا جائے گا، جس میں متعدد ایشیائی ممالک بھی شامل ہیں۔

حیران کن طور پر پہلے مرحلے میں پاکستان شامل نہیں ہے جب کہ اس پروگرام کے پہلے ہی مرحلے میں بھارت کو شامل کرلیا گیا ہے۔

اس فیچر کے تحت 18 سال سے زائد العمر ہر صارف ویڈیوز کے ذریعے پیسے کما سکے گا، تاہم صارفین کو اپنے اکاؤنٹس کو پروفیشنل موڈ میں تبدیل کرنا ہوگا اور یہ فیچر فیس بک نے گزشتہ سال ہی پیش کردیا تھا۔

Back to top button