بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان اور افغانستان اب مل کر ایک دوسرے کے ساتھ چلیں گے، امیر خان متقی

 افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا ہےکہ  پاکستان اور افغانستان دونوں ہمسایہ ممالک کے چیلنجز ایک دوسرے سے مختلف نہیں اور دونوں ممالک نے بہت سے حالات دیکھے، اب مل کر ایک دوسرے کے ساتھ چلیں گے۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں امیر خان متقی نے کہا کہ افغانستان میں ہماری حکومت کو 20 ماہ ہوچکے ہیں، اللہ کے کرم سے بہت سے مسائل پر قابو پالیا ہے، ہم نے حکومت آنے کے بعد چیلنجزپرقابو پانے کی کوشش کی، دیگر ممالک کے ساتھ معاشی تعلقات میں پابندیاں بڑا چیلنج ہیں،  پابندیوں کی وجہ سے بینکوں کو خام مال درآمد کرنے میں مشکلات ہیں جب کہ بیروزگاری اور مہنگائی پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں،  ورلڈبینک کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں مہنگائی کم اورافغان کرنسی کی قدر مستحکم ہوئی، چیلنجز اور عالمی پابندیوں کے باوجود افغانستان کی معیشت میں بہتری آئی اور افغان حکومت نے بجٹ بیرونی امداد کے بغیر پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان اور وسط ایشیا سے معاشی تعلقات استوارکرنا چاہتے ہیں، ہماری خارجہ پالیسی ڈائیلاگ اورباہمی روابط پر استوارہے، خطے میں معاشی خوشحالی اورکنیکٹیوٹی کی پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔افغان وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان اورپاکستان گزشتہ 2 سال سے سیاسی اور معاشی چیلنجزسے گزرہے ہیں، دونوں ممالک میں گروتھ کی صلاحیت موجود ہے، پاکستان ہمارا ہمیشہ سے فوکس رہا ہے اور پاکستان کے ساتھ اقتصادی رابطوں میں شروع سے دلچسپی رہی ہے، سیاسی اختلافات ہونے کے باوجود پاکستان سے تجارتی سلسلہ جاری رہا، امید ہے اقتصادی روابط آگے بھی قائم رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے کے مقابلے میں افغانستان کے حالات میں بہتری لانے کے خواہاں ہیں، پاکستان اور افغانستان دونوں ہمسایہ ممالک کے چیلنجز ایک دوسرے سے مختلف نہیں، دونوں ممالک نے بہت سے حالات دیکھے، اب مل کرایک دوسرے کیساتھ چلیں گے۔

امیر متقی کا کہنا تھا کہ پوری دنیا افغانستان کو اب تسلیم کررہی ہے، معیشت کا دباؤ پوری دنیا کی طرح ہم پر بھی ہے، ہم نے 1.9 ارب ڈالرتجارت کو بڑھایا، اس کی ایک وجہ کرپشن سے پاک معاشرہ ہے، ہماری توجہ افغانستان کی تجارت کوبڑھانا اورخطے کے ساتھ راہداری کو مزید بہتربنانا ہے، افغانستان کے پاس قدرتی وسائل ہیں، مل کرکام کرنے سے معیشت اور بیروزگاری سمیت کئی مسائل پرقابو پایا جاسکتا ہے۔

Back to top button