بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

خلوص نیت اور جذبے کے ساتھ تاجربرادری کی خدمت کرتے رہیں گے۔ احسن بختاوری

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ وہ خلوص نیت اور جوش و جذبے کے ساتھ تاجر برادری کی خدمت کرتے رہیں گے تا کہ ان کو کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان بزنس فورم اسلام آباد کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری طاہر پاکستان بزنس فورم اسلام آبادکے صدر، راجہ امتیاز عباسی جنرل سیکرٹری، عزیز الرحمٰن اور طاہر ایوب سینئر نائب صدور، سعید کھوکھر سرپرست اعلیٰ، زاہد قریشی چیئرمین، خالد عباسی وائس چیئرمین، عمران بخاری چیف آرگنائزر اور بابر چوہدری ڈپٹی سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔


احسن بختاوری نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی خدمت کرنا ان کا مشن ہے اور اللہ تعالیٰ ان کو اس مقصد کیلئے نئے نئے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے چیئرمین سی ڈی اے کی طرف سے چیمبر کے صدر کو سی ڈی اے بورڈ میں نمائندگی دینے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس سے تاجروں اور شہر کے مسائل بہتر طور پر حل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے پاکستان بزنس فورم اسلام آباد کے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد پیش کی اور یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری کے مسائل حل کرانے کی کوششوں میں چیمبر ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔
پاکستان بزنس فورم اسلام آباد کے نومنتخب صدر چوہدری محمد طاہر اور سیکرٹری جنرل راجہ امتیاز عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے نے چیمبرمیں خطاب کرتے ہوئے جو مثبت اعلانات کئے ہیں اس سے تاجر وں کو نیا حوصلہ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کاادارہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ مل کر تاجروں کے اہم مسائل حل کرائے گا اور چیمبر اس سلسلے میں ہراول دستے کا کردار ادا کرے گا۔
چیمبر کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے پاکستان بزنس فورم اسلام آباد کے نومنتخب عہدیدارن سے حلف لیا اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں آئی سی سی آئی تاجر برادری کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات لے رہا ہے اور چیمبر اس سلسلے میں پاکستان بزنس فورم کے ساتھ بھی بھرپور تعاون کرے گا۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے کے فیصلوں سے موجودہ حکومت کو تاجر برادری اور عوام میں پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر تاجر برادری کی فلاح و بہبود متعدد منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن میں اسلام آباد میں ایکسپو سنٹر کی تعمیر، تاجروں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے بزنس سکول، کالج اور یونیورسٹی کا قیام، تاجروں کو علاج معالجے کی بہتر سہولت فراہم کرنے کیلئے ایک ہسپتال کا قیام اور کھیلوں کوفروغ دینے کیلئے ایک گراؤنڈ کا حصول نمایاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کے صدر کی سی ڈی اے بورڈ میں شمولیت سے ان منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے مثبت پیش رفت ہو گی کیونکہ سی ڈی اے نے ان منصوبوں کیلئے چیمبر کو زمین فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ چیمبر اپنے وسائل سے ان کو مکمل کرے گا۔
جماعت اسلامی کے رہنما آصف لقمان قاضی نے کہا کہ پاکستان بزنس فورم کے ذریعے بڑے اسلامی ممالک کے تاجروں اور معیشت کاروں کے درمیان بہتر روابط استوار ہوں گے جس سے ان ممالک کے درمیان کاروباری و اقتصادی تعلقات کو بہتر فروغ ملے گا۔

Back to top button