
گاڑیاں بنانے والی چینی کمپنی جی اے سی نے پاکستانی مارکیٹ میں باضابطہ طور پر قدم رکھ دیا
گاڑیاں بنانے والی چینی کمپنی ’’جی اے سی‘‘ نے حال ہی میں کراچی میں لکی موٹر کارپوریشن (ایل ایم سی) کے اشتراک سے برانڈ اور گاڑیوں کی رونمائی کی تقریب منعقد کرکے باضابطہ طور پر پاکستانی مارکیٹ میں قدم رکھ دیا، جو دونوں ممالک کے درمیان آٹو موبائل تعاون میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
تقریب میں کمپنی کی چار گاڑیوں کے ماڈلز پہلی بار پیش کئے گئے جبکہ مقامی ترقی کے لئے طویل المدتی حکمت عملی پر مبنی "جی اے سی پاکستان ایکشن پلان” بھی باضابطہ طور پر جاری کیا گیا۔
جی اے سی انٹرنیشنل کے صدر وی ہائی گانگ نے کہا کہ جی اے سی طویل مدتی ترقی کے فلسفے پر عمل پیرا ہے اور "پاکستان میں، پاکستان کے لئے” حکمت عملی پر عملدرآمد کر رہی ہے، جس کے تحت مصنوعات، سیلز چینلز، بعد از فروخت خدمات اور موبلٹی ایکوسسٹم میں ہمہ جہتی اور گہری منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
علاوہ ازیں جی اے سی آئندہ پانچ سالوں میں پاکستان سمیت رائٹ ہینڈ ڈرائیو مارکیٹس کے لئے متعدد نئی توانائی ماڈلز متعارف کرائے گی۔
ایل ایم سی کے سی ای او محمد فیصل نے کہا کہ یہ دوطرفہ تعاون انتہائی ہم آہنگ بنیادوں پر قائم ہے۔ جدت اور ترقی پر مبنی یہ شراکت داری مقامی آٹو موٹو صنعت کی پیش رفت کو موثر طور پر فروغ دے گی۔
ایل ایم سی کے چیئرمین محمد علی ٹبہ نے کہا کہ صنعتی ترقی، طویل مدتی سرمایہ کاری اور عالمی شراکت داریاں پائیدار ترقی کے بنیادی محرکات ہیں۔ انہوں نے مقامی صنعتی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور موبلٹی ایکوسسٹم کو مضبوط کرنے میں بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
تقریب کے دوران جی اے سی انٹرنیشنل کے نائب صدر وانگ شون شینگ نے پاکستان میں جی اے سی کے پہلے صارف کو نئی گاڑی کی چابی حوالے کی۔ انہوں نے بتایا کہ جی اے سی نے مقامی سطح پر چار بنیادی ماڈلز متعارف کرائے ہیں جن میں ہائپ ٹیک ایچ ٹی، ایون وی، ایون یو ٹی اور ایون ای ایس شامل ہیں۔
وانگ نے کہا کہ اعلیٰ درجے کی فلیگ شپ گاڑیوں، فیملی ٹریول ماڈلز، نوجوانوں کے لئے جدید اور سٹائلش کاروں سے لے کر عملی سیڈان تک مختلف طبقوں کی مارکیٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مصنوعات کا متنوع اور منظم پورٹ فولیو مقامی صارفین کی کثیر الجہتی اور ذاتی نوعیت کی سفری ضروریات کو مکمل طور پر پورا کر سکتا ہے۔
جی اے سی نے مقامی صارفین کی سہولت اور بعد از فروخت تجربے کو بہتر بنانے کے لئے پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں متعدد برانڈ شو رومز قائم کئے ہیں۔ یہ برانڈ ایل ایم سی کے اشتراک سے اپنے آف لائن آؤٹ لیٹ نیٹ ورک کو مزید وسعت دے گا تاکہ مقامی صارفین کو زیادہ آسان اور پیشہ ورانہ خدمات فراہم کی جا سکیں۔
گہری شراکت داری کی علامت کے طور پر دونوں فریقوں کے نمائندوں نے مقامی پلانٹ میں مل کر ایک یادگاری درخت لگایا۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ دونوں فریق پاکستان میں مقامی مارکیٹ کی مزید ترقی اور توسیع کا عزم رکھتے ہیں، جنوبی ایشیا اور عالمی رائٹ ہینڈ ڈرائیو مارکیٹس میں اپنے کاروباری اثر و رسوخ کو بڑھانا چاہتے ہیں اور مسلسل باہمی فائدے پر مبنی پائیدار ترقی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
وانگ نے کہا کہ جی اے سی کا پاکستان میں باضابطہ آغاز پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔ یہ نہ صرف جی اے سی کے لئے بیرون ملک برانڈ کی توسیع کا ایک اہم مرحلہ ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان آہنی دوستی کے لئے ایک واضح عملی اظہار اور مخلصانہ عزم بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی اے سی مستقبل میں “پاکستان میں، پاکستان کے لئے” کی لوکلائزیشن حکمت عملی پر قائم رہے گی، مکمل صنعتی چین ایکوسسٹم کے ساتھ مقامی سطح پر اپنی موجودگی کو مزید گہرا کرے گی اور پاکستانی صارفین کو کم کاربن، ماحول دوست اور جدید سفری تجربات فراہم کرے گی۔















