بسم اللہ الرحمن الرحیم

تعلیم

ایچ ای سی میں پی ایچ ڈی کنٹری ڈائریکٹری آن لائن سسٹم کا افتتاح کر دیا گیا

ایچ ای سی میں پی ایچ ڈی کنٹری ڈائریکٹری آن لائن سسٹم کا افتتاح کر دیا گیا وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے سسٹم کا افتتاح کیا۔ آن لائن سسٹم کے افتتاح سے پاکستانی پی ایچ ڈی اسکالرز اب بآسانی آن لائن کنٹری ڈائریکٹری کا حصہ بن سکیں گے۔ منگل کو ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں تقریب میں چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد اور دیگرنے شرکت کی۔ ایچ ای سی کے مطابق پی سی ڈی آن لائن سسٹم کے ذریعے پی ایچ ڈی اسکالرز جامعات کے فوکل پرسنز کے ذریعے بآسانی اور چند دنوں میں کنٹری ڈائریکٹری کا حصہ بن سکیں گے اور انہیں دستاویزات ٹھوس صورت میں ایچ ای سی جمع کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ قبل ازیں پی سی ڈی میں شمولیت کے لیے پی ایچ ڈی اسکالرزکے دستاویزات کو پانچ مراحل سے گزارا جاتا اور اس عمل کی تکمیل کے لئے کئی ماہ کا عرصہ درکار ہوتا تھا۔ رانا تنویر حسین نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ یہ نظام پی ایچ ڈی اسکالرز کے رجسٹریشن کے عمل کافی مفید ثابت ہوگا۔ انہوں نے عوام کے لیے ادارہ جاتی مراحل کو آسان بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت پرزور دیا۔ انہوں نے انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگرکیا۔ انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیم اور ضروریات سے ہم آہنگ تحقیق قومی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔ جامعات میں تکنیکی تعلیم کے فروغ کے لیے مخصوص سیٹ اپس قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے جامعات پر زوردیا کہ مالی نظم کو یقینی بناتے ہوئے انڈسٹری کے ساتھ روابط کو مستحکم کیا جائے اور انٹرپرینیورشپ کو فروغ دیا جائے۔ چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ ایچ ای سی طلبا، فیکلٹی اور عوام کی سہولت کے لیے اپنے تمام افعال کو جلد آٹومیٹ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جبکہ ایچ ای سی کے ڈگری تصدیق کرنے کے عمل کو نادر ا ڈیٹا کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آٹومیشن کے عمل کا مقصد کام کو بہتر انداز میں مکمل کرنا اور معیار کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے وائس چانسلرز پر زور دیا کہ سروسز کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے اسی طرح ایچ ای سی کا ساتھ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی قومی خدمت جاری رکھنے اور اسے پہلے سے زیادہ مثر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ قبل ازیں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل نے امید ظاہر کی کہ آن لائن نظام کے آغاز سے پی ایچ ڈی اسکالرز کی ڈائریکٹری میں شمولیت کا عمل تیزتر ہو جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل غلام نبی نے پی ایچ ڈی کنٹری ڈائریکٹر آن لائن نظام پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پی سی ڈی کا آغاز 2009میں عمل میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی نے جامعات کے 300سے زائد فوکل پرسنز کی تربیت بھی منعقد کی اور اس نظام کے آغاز سے قبل جامعات سے فیڈ بیک بھی موصول کیا۔انہوں نے ایچ ای ڈی آر کے آئندہ منصوبوں پربھی روشنی ڈالی۔

Back to top button