بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

چین کے ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر فنانسنگ کی سہولت کی منظوری دے دی

چین کے ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر فنانسنگ کی سہولت کی منظوری دے دی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے بتایا کہ چین کے ترقیاتی بینک کے بورڈ نے رسمی کارروائی مکمل کرنے کے بعد 70 کروڑ ڈالر کی سہولت کی منظوری دے دی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو اس ہفتے موصول ہونے کی توقع ہے جس سے اس کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو جائے گا۔پاکستان کو فنڈز کی شدید ضرورت ہے کیونکہ اسے معاشی بحران کے چیلنجز درپیش ہیں جبکہ مرکزی بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 3 ارب ڈالر کے قریب ہیں، جس سے بمشکل تین ہفتے کی درآمدات کی جاسکتی ہیں۔

حکومت عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ بیل آؤٹ کے لیے ورچوئل مذاکرات کر رہی ہے جس کے تحت پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر کی قسط ملے گی، اس کے علاوہ دوست ممالک اور کثیر الاقوامی مالیاتی اداروں سے فنڈز ملنے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

اسحٰق ڈار نے رواں سال کے آغاز میں کہا تھا کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال جون کے اختتام تک توقع سے بہت بہتر ہوگی۔انہوں نے کہا تھا کہ چین اور سعودی عرب اپنی حمایت میں اضافہ کریں گے اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ پہلے کے تخمینے سے تقریباً 3 ارب ڈالر کم ہو جائے گا۔

Back to top button