بسم اللہ الرحمن الرحیم

سائنس و ٹیکنالوجی

وزیراعظم کا تین سال میں آئی ٹی برآمدات15 ارب ڈالر تک بڑھانے پر زور

وزیراعظم شہبازشریف نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات آئندہ تین سال میں دو ارب ساٹھ کروڑ ڈالر سے پندرہ ارب ڈالر تک بڑھانے پرزوردیا ہے ۔ آئی ٹی شعبے کے فروغ کے حوالے سے جمعرات کے روز اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان میں اس شعبے میں وسیع گنجائش ہے جس سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ آئی ٹی کے نصاب کو منڈی کی ضرورت سے ہم آہنگ کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی تاجروں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کے فروغ اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔شہبازشریف نے اعلی تعلیمی کمیشن ، جامعات اورتربیتی اداروں کو ملک میں آئی ٹی کے ماہرین کی تعداد چھ لاکھ سے بڑھا کر پندرہ لاکھ کرنے کے عمل پرترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

آئی ٹی کی صنعت کے نمائندوں نے اجلاس کو اپنے مسائل کے بارے میں بتایا انہوں نے اپنے مسائل کے حل کیلئے تجاویز بھی پیش کیں۔وزیراعظم نے پاکستان کیلئے اپنی برآمدات کی آمدن پاکستان لانے کیلئے آئی ٹی کی صنعت کی حوصلہ افزائی کی اور آئی ٹی کے شعبے کو درپیش مسائل حل کرنے کا یقین دلایا ۔انہوں نے سٹیٹ بنک ، ایف بی آراوردیگر متعلقہ محکموں کو اس سلسلے میں موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔آئی ٹی کی صنعت کے نمائندوں نے یقین دلایا کہ وہ ملک کی معیشت میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے حکومت کے ساتھ ہیں۔

Back to top button