بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

کابل میں پاکستانی مشن کے سربراہ پر قاتلانہ حملہ، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی مذمت

وزیر اعظم شہباز شریف نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی مشن کے سربراہ پر ’قاتلانہ حملے‘ کی شدید مذمت کی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بہادر سیکورٹی گارڈ کو سلام پیش کرتے ہیں، جس نے ان کی جان بچانے کے لیے گولی کھائی، سیکیورٹی گارڈ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں اس گھناؤنے عمل کے مجرموں کے خلاف فوری تحقیقات اور کارروائی کا مطالبہ کرتا ہوں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے دوسرے ٹوئٹ میں بتایا کہ ابھی کابل میں سفارت خانے کے ناظم الامور عبید الرحمٰن نظامانی سے بات ہوئی ہے، سن کر تسلی ہوئی کہ وہ محفوظ ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے عوام اور حکومت کی جانب سے اظہار یکجہتی کیا، اور ہر لحاظ سے مشن کو مکمل تعاون اور مدد کا یقین دلایا۔سماجی رابطے کے ویب سائٹ پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ ابھی کابل میں پاکستان کے سفارتخانے کے ناظم الامور عبید الرحمٰن نظامانی سے بات ہوئی ہے، جو قاتلانہ حملے میں بال بال بچے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ ہم اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ہمارے سفارت کاروں حفاظت اور سلامتی نہایت اہم ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم بہادری پر سپاہی اسرار کو سلام کرتے ہیں، اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

Back to top button