بسم اللہ الرحمن الرحیم

تعلیم

کمشنر سرگودھا کی ڈی پی ایس اینڈ انٹرکالج جوہر آباد میں سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب میں شرکت

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودھا ڈویژن مریم خان نے خوشاب کا خصوصی دورہ کیا۔اپنے دورہ کے دوران انہوں نے ڈی پی ایس اینڈ انٹر کالج جوہرآبا د میں سالانہ تقریب تقسیمِ انعامات میں بطور مہمان خصوصی طورپر شرکت کی۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر خوشاب میثم عباس،اے ڈی سی (آر)خوشاب نوید احمد،اسسٹنٹ کمشنر خوشاب اشفاق رسول،. اور پرنسپل ادارہ ہذا راجہ محمد عرفان کے علاوہ طالب علموں اور والدین نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ ضلع خوشاب میں ڈی پی ایس کا ادارہ تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ ادارہ ہذا کے بچوں نے تعلیمی بورڈ میں ڈویژن سطح پر اچھی تعلیمی کا رکردگی کا مظاہرہ کر کے نمایاں مقام حاصل کیا۔ میڈم مریم خان نے کہا کہ بچوں کی تعلیمی میدان میں اچھی کارکردگی والدین اور ادارہ کی محنت اور توجہ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اُنہوں نے بچوں کو تلقین کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ محنت کریں اور مستقبل میں مختلف شعبوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ڈپٹی کمشنر خوشاب میثم عباس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات اور ان کے والدین کو مبارک باد دی اور کہا کہ آپ اس ادارہ کے درخشاں ستارے ہیں اور آپ پر ضلع خوشاب کو بڑا فخر ہے۔بچوں نے تعلیمی میدان میں نمایاں کردار ادا کر کے ادارہ کی روایات کو برقرار رکھا ہے۔قبل ازیں پرنسپل راجہ محمد عرفان نے سپاسنامہ پیش کیا اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا۔بعد ازاں پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات میں سرٹیفیکیٹس اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔فرسٹ پوزیشن ہولڈر طالبہ کو نقد کیش انعام بھی دیا گیا۔آخر میں ڈویژنل کمشنر کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

Back to top button