بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

ڈسٹرکٹ ریسکیو آفس 1122 خوشاب کے حکام کی طرف سے ضلع خوشاب کے سرکاری سکولوں میں طلباء کے لیے تربیتی پروگرامز

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ڈسٹرکٹ ریسکیو آفس 1122 خوشاب کے حکام کی طرف سے ضلع خوشاب کے سرکاری سکولوں میں طلباء کے لیے تربیتی پروگرامز کاسلسلہ جاری ہے ۔ اس سلسلے میں گورنمنٹ ہائی سکول عینوں میں ریسکیو 1122 خوشاب کی جانب سے طلباء کو بنیادی طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ادارہ ہذا کے ہیڈ ماسٹر شجر عباس خان بلوچ نے ریسکیو ٹیم ممبران سید علی شاہ ، عباس خان لغاری اور وقاص خان کو خوش آمدید کہا۔ تربیتی پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بعدازاں ریسکیو ٹیم کی طرف سے طلباء کو سکھایا گیا کہ اچانک ایمرجنسی کی صورت میں اگر کسی آدمی کو کرنٹ لگنے ، یا کسی سڑک حادثہ کی صورت میں ضروری اقدامات کیسے کئے جاسکتے ہیں۔ اسی طرح یہ بھی بتایا گیا کہ آگ لگنے ، یا پھر دل کی تکلیف کی صورت میں ان حالات سے نمٹنے کیلئے کیا اقدامات کرنے چاہئیں۔ ٹیم کی طرف سے طلبا ء کو تمام مہارتیں اچھے طریقے سے سکھائی گئیں ۔ ممتاز ماہرتعلیم شجرعباس خان بلوچ کے مطابق اس طرح کے تربیتی پروگرامز مسلسل جاری رہنے چاہیں تاکہ حادثات کی صورت میں کم سے کم نقصان ہو اور قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔

Back to top button