بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

جوبائیڈن اور چینی صدر کی ملاقات، ترجیحات اور مسائل پر کھل کر بات چیت

انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں امریکی اور چینی صدور کی ملاقات ہوئی، امریکی صدر بائیڈن نےکہا کہ چین اور امریکا مقابلےکو تصادم میں بدلنے سے روک سکتے ہیں۔وائٹ ہاؤس سے جاری اعلامیےکے مطابق امریکی صدر اور چینی صدر نے ترجیحات اور مسائل پر کھل کر بات کی۔

صدربائیڈن نے چینی ہم منصب کوکہا کہ امریکا چین کے ساتھ مقابلہ جاری رکھےگا لیکن مقابلہ تنازع میں نہیں بدلنا چاہیے، بائیڈن نےکہا کہ امریکا اور چین کو مقابلےکو منظم اور رابطوں کو  برقرار  رکھنا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق بائیڈن نے یوکرین میں روسی جنگ پر بھی چینی صدر شی جن پنگ سے بات کی، دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ جوہری جنگ کبھی نہیں ہونی چاہیے، دونوں رہنماؤں نے یوکرین میں جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی مخالفت بھی کی۔

بائیڈن نے چینی صدر  سے شمالی کوریا کی اشتعال انگیزی  پر بھی تحفظات کا اظہار کیا، بائیڈن نے تائیوان کے معاملے پر چین کے جارحانہ  اقدامات  پر بھی اعتراضات اٹھائے۔وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی چینی صدور نے رابطوں کے لیے اہم حکام کو ذمہ داریاں دینے پر اتفاق کیا۔

Back to top button