بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

تحصیل نور پور تھل کا علاقہ مجموعی طور پر پرسکون اور پرامن ہے، ڈی ایس پی فرخ سہیل

خوشاب ( راجہ نورالہی عاطف سے) ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس تحصیل نور پور تھل فرخ سہیل سندھو نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے تحصیل نور پور تھل کا علاقہ مجموعی طور پر پرسکون اور پرامن ہے بلکہ اگر اس علاقہ کو امن کا گہوارہ کہا جائے تو ہرگزبے جا نہ ہو گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں نورپورتھل پریس کلب کے فاونڈر ممبرز کے ساتھ ایک تعارفی نشست کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر مستقل تعیناتی سے قبل میں تین مرتبہ بطور انچارج ڈی ایس پی اپنے فرائض منصبی سر انجام دے چکا ہوں ۔ انشاءاللہ اپنی تعیناتی کے دوران میرٹ پسندی کے تحت سائلان کی دادرسی کی جاءے گی۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس نے کہا کہ قانون شکن اور کرائمز پیشہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ مظلوم کی داد رسی کی جائے گی جبکہ ظالم کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔ فرخ سہیل سندھو نے کہا کہ تحصیل بھر میں پولیس گشت کو موثر بنا دیا گیا ہے اور سماج دشمن عناصر کے خلاف قانون کا گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شریف شہریوں کی عزت افزائی کی جائے گی اور کرائمز پیشہ افراد کےساتھ ہرگز کسی قسم کی کوئی رو رعایت نہیں برتی جائے گی ۔ ڈی ایس پی نے کہا کہ ہر قسم کے کرائمز پیشہ افراد کی سرکوبی کے لیے عوام پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ۔ فرخ سہیل سندھو نے کہا کہ معاشرتی اصلاح و فلاح کے لئے میڈیا کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے ۔ اس موقع پر صحافیوں کے وفد نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کو سماجی بہبود کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

Back to top button