بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

چھ مرتبہ وزیراعظم رہنے والے وکرماسنگھے سری لنکا کے صدر منتخب

سری لنکا کے چھ مرتبہ کے سابق وزیراعظم رانیل وکرماسنگھے ملک کے نئے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق رانیل وکرماسنگھے نے گوٹابایا راجاپکسے کی جگہ صدارت سنبھالی ہے جنہوں نے گزشتہ ہفتے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور بحران سے دوچار ملک سے باہر چلے گئے تھے۔

سرکاری نتائج کے مطابق رانیل وکرماسنگھے کو 225 نشستوں کے ایوان میں 134 ووٹ ملے اور یوں انہوں نے سادہ اکثریت حاصل کر لی، ان کے مرکزی حریف دولس الہاپروما کو 82 ووٹ ملے جبکہ بائیں بازو کے امیدوار انورا دسانائیکے کو صرف 3 ووٹ ملے۔

بدھ کو اراکین اسمبلی ایک ایک کر کے پولنگ بوتھ میں داخل ہوئے تاکہ وہ اپنی پسند کے امیدوار کو ووٹ دے سکیں۔

پارلیمانی سیکریٹری جنرل دھمیکا داسانائیکا نے کہا کہ اراکین کو یاددہانی کرائی گئی تھی کہ بیلٹ پیپر کی تصویر لینا یا دوسروں کو دکھانا جرم ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا کے سابق انتخابات کرپشن اور ووٹ خریدنے جیسے الزامات کی نذر ہوگئے تھے۔

رانیل وکرماسنگھے سوا 2 کروڑ آبادی کے ملک کی صدارت ایک ایسے موقع پر سنبھالیں گے جب ملک میں خریداری کے لیے ڈالر کی شدید کمی ہے اور اشیائے خورونوش کے ساتھ ساتھ ایندھن اور ادویہ کی بھی شدید قلت ہے۔

Back to top button