بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

مہنگائی کا طوفان بدتمیزی آئیگا اور آپ کہہ رہے ہیں حالات ٹھیک ہیں، شوکت ترین

آئی ایم ایف نے آپ کو لاٹھی ماری تو آپ نے 450 ارب روپے کے ٹیکس لگا دیے،پریس کانفرنس سے خطاب

سابق وزیر خزانہ اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شوکت ترین نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے لیے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مہنگائی کا طوفان بدتمیزی آئے گا اور آپ کہہ رہے ہیں کہ معیشت ٹھیک ہے۔

کراچی میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شوکت ترین کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے آپ کو لاٹھی ماری تو آپ نے 450 ارب روپے کے ٹیکس لگا دیے، مفتاح صاحب، پلٹ تیرا دھیان کدھر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل نے دوست ممالک کی پیشکش کے بارے میں ذکر کیا، موجودہ حکومت نے دوست ممالک سے ڈالر لینے کا دعویٰ کیا، انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے ڈیل ہو گئی، آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد روپیہ مستحکم ہو جاتا تھا لیکن ان کے دعوؤں کے باوجود مارکیٹ میں استحکام نہیں ہے۔

سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ یہ سب کو بیوقوف بنا سکتے ہیں مگر مارکیٹ کو نہیں، یہ تمام تر معاشی حالات صرف سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کا طوفان بدتمیزی آئے گا اور مفتاح اسماعیل کہتے ہیں کہ معیشت ٹھیک ہے، روپیہ گر رہا ہے، مہنگائی کی وجہ یہ ہے کہ مارکیٹ کو ان پر اعتبار نہیں ہے۔شوکت ترین نے کہا کہ ملکی معاشی صورتحال کی بہتری کا حل صرف صاف اور شفاف الیکشن ہیں۔

Back to top button