بسم اللہ الرحمن الرحیم

حادثات و جرائم

تیز رفتار کوچ اور موٹر سائیکل رکشہ میں خوفناک تصادم،ایک ہی خاندان کے 6افراد جاں بحق

سرگودھا خوشاب روڈ پر عزیز بھٹی ٹاؤن کے قریب تیز رفتار کوچ اور موٹر سائیکل رکشہ میں تصادم کے نتیجہ میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا، مرنے والوں کا تعلق قصبہ دھریمہ اور زخمی کا تعلق بلاک نمبر 29 سے بتایا جاتا ہے

نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کی مسافر بس میانوالی سے سرگودھا آ رہی تھی کہ عزیز بھٹی ٹاﺅن کے قریب دھریمہ سے سرگودھا آنے والے موٹر سائیکل رکشہ کو سامنے سے ٹکر مار دی، جس سے موٹر سائیکل رکشہ تباہ اور اس میں سوار رکشہ ڈرائیور 48 سالہ فلک شیر، 50 سالہ ممتاز حاکم، 55 سالہ فوجی ممتاز، 47 سالہ غلام شبیر، 45 سالہ مظہر حیات، 55 سالہ محمد عبداللہ ساکن دھریمہ موقع پر جاں بحق ہو گئے۔

بلاک نمبر 29 کا خواجہ محمد یٰسین زخمی ہو گیا، جسے علاج معالجہ کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، حادثہ بس ڈرائیور کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، مرنے والوں کا تعلق ایک ہی علاقہ دھریمہ اور گردونواح سے بتایا جاتا ہے، حادثہ کے بعد ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔

پولیس نے گاڑی قبضہ میں لے کر ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا میں ضروری کارروائی کے بعد مرنے والوں کی لاشیں ورثاءحوالے کر دی گئیں۔ مرنے والوں کی اکثریت آپس میں قریبی تعلق دار بتائی جاتی ہے، المناک حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں جونہی آبائی علاقے دھریمہ پہنچی تو علاقہ میں کہرام مچ گیا، ہر آنکھ اشکبار دکھائی دے رہی تھی، گاﺅں میں یک مشت اتنی میتیں دیکھ کر کئی خواتین پر سکتہ طاری ہو گیا۔

نماز جنازہ کے بعد میتوں کو گاﺅں کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے، علاقہ میں سوگ کی سی فضا پائی جا رہی ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا بلال ظفر شیخ نے اس المناک حادثہ کا سبب بننے والے بس ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے ڈی ایس پی صدر سرکل کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے کر ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

Back to top button