بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بلوچستان کے امن اور خوشحالی میں حکومت اور عوام کے شراکت دار ہیں، کور کمانڈر

کورکمانڈر کوئٹہ کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ کے ہمراہ سنجاوی،  ضلع زیارت میں قبائلی عمائدین اور عوام سے سیر حاصل ملاقات کی جہاں مقامی ممبر اسمبلی جناب نور محمد اور انتظامیہ کے عہدیداران موجود تھے۔

جنرل سرفراز علی نے علاقے کے غیور قبائل کی ریاستِ پاکستان کے ساتھ روایتی محبت، گہری وابستگی اور افواج کے ساتھ یگانگت کو سراہا۔

علاقے کے عوام نے کور کمانڈر کا گرم جوشی کے ساتھ خیر مقدم کیا اور اس بات پر بے حد مسرت اور تشکر کا اظہار کیا کہ 75 سال میں پہلی بار کسی کور کمانڈر نے سنجاوی کے عوام سے ملنے کے لیے علاقے کا دورہ کیا۔

جنرل سرفراز علی نے کہا کہ زیارت کی خوبصورتی اور اس کے عوام کا اخلاص و محبت بے مثال ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ افواج ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرتیں ہیں جب کہ ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت بالیقین عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔

کور کمانڈر نے سنجاوی ، زیارت کے جنت نظیر علاقے کے بے پناہ حسن کی تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ امن و ترقی کے تسلسل کے نتیجے میں زیارت بلوچستان کا ‘مری’ بن کر ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن جائے گا .کیونکہ علاقے میں سیاحت کے فروغ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

کور کمانڈر نے زیارت کے امن اور ترقی پسند  قبائل کے تاریخی کردار کی تعریف کی اور علاقے کی تعمیر و ترقی ، نوجوانوں کی بہتری اور امن کے دوام کے لیے اپنی ہر  ممکن حمایت کا یقین دلایا۔ علاقے میں پھلوں کی وافر پیداوار کے تناظر میں کور کمانڈر نے کولڈ سٹوریج اور بہتر پیکیجنگ کی سہولیات کی فراہمی کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی تجویز دی جو حاضرین کو بہت پسند آئی۔ عوام کے مسائل کے پیشِ نظر دیگر اقدامات کے علاوہ کور کمانڈر نے آئی جی ایف سی کو سنجاوی میں ڈاکٹرز اور لیڈی ڈاکٹر کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

قبائلی عمائدین نے افواج پاکستان کی کاوشوں اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور امن و امان کے قیام و دوام کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

Back to top button