بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ، پاکستان کو مسلسل تیسری شکست

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6 رنز سے ہرا دیا، 224 رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 217 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔

پاکستان کی اوپنر ناہیدہ خان نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا لیکن 26 کے اسکور پر سدرا اور کپتان بسمہ کی وکٹیں دو گیندوں پر گر گئیں ۔

اس کے بعد امیمہ سہیل نے ناہیدہ کے ساتھ رنز بڑھائے، ناہیدہ 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، پھر امیمہ اور ندا ڈار نے پارٹنر شپ لگائی ، اسکور 144 ہوا توامیمہ 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ۔

امیمہ کے پویلین لوٹ جانے کے بعدوکٹین گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا تاہم ندا ڈار دوسرے اینڈ سے رنز بناتے رہیں۔

میچ کے آخری اوورز میں جب گرین شرٹس کو 11 رنز درکار تھے تو ندا 55 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہو گئیں ، پھر پوری ٹیم 217 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور یوں جنوبی افریقانے میچ 6 رنز سے جیت لیا ۔

یہ ایونٹ میں پاکستان کی مسلسل تیسری شکست ہے ۔

اس سے قبل میچ کا ٹاس قومی ویمنز ٹیم نے جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے میچ میں ابتدائی 2 وکٹیں جلد حاصل کرلیں تاہم اس کے بعد لورا وال ورڈت نے 75 اور 62 رنز اسکور کرنے والی سونے لوس نے مل کر 89 رنز کی شراکت قائم کی۔

جنوبی افریقا ویمنز ٹیم کی 6 بیٹر ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکیں، ٹیم نے مقرہ 50 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 223 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر فاطمہ ثناء اور غلام فاطمہ رہیں، دونوں نے 3،3 وکٹ حاصل کیے۔

Back to top button