بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ملکی راز فروخت کرنے کا الزام، اے ایس آئی ظہور پر فرد جرم9مارچ کو عائد ہو گی

آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت درج مقدمہ میں اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی ظہور پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، اس پر ملکی راز فروخت کرنے کا الزام ہے۔

اسلام آباد میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت درج مقدمات کی سماعت کے لیے قائم خصوصی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے کیس کی سماعت کی۔ 

سماعت کے دوران ملزم اپنے وکیل عمران فیروز ملک ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوا۔

ایف آئی اے کی جانب سے جمع کروائے گئے چالان کی نقل ملزم کو فراہم کردی گئی۔ 

عدالت نے فیصلہ کیا کہ مقدمہ میں نامزد ملزم ظہور احمد پر 9 مارچ کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔

عدالت کی جانب سے ملزم کو آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ 

خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی ظہور احمد پر سفارتکار کو ملکی راز فروخت کرنے کا الزام ہے۔ 

ملزم پر آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

ایف آئی اے نے 13 دسمبر 2021 کو ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کیا، اسے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد 23 دسمبر 2021 کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا گیا تھا۔ 

ملزم کی  25 جنوری 2022 کو ایک لاکھ روپے کے مچلکوں پر ضمانت منظور کی گئی تھی۔

Back to top button