بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

جسٹس (ر)وجہیہ الدین ایم کیو ایم مرکز پہنچ گئے

قومی اتحاد پارٹی کے سربراہ جسٹس ریٹائر ڈوجیہہ الدین وفاق میں حکومتی اتحادی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے مرکز  بہادر آباد پہنچ گئے جہاں انہوں نے ایم کیوایم  رابطہ کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کی اور پھر مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین نے ایم کیوایم رہنماؤں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو  میں کہا کہ ایم کیوایم کے ساتھ مل کرکام کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ خالد مقبول صدیقی بولے کہ ہمارے درمیان کئی چیزیں مشترک ہیں، ملک کو حقیقی جمہوریت اور فعال عدالتوں کی ضرورت ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ نے کہا کہ جو کچھ بھی میں نے عمران خان کے حوالے سے کہا وہ سچ ہے اس میں کوئی دوسری بات نہیں، مجھ پر ہتک عزت کا مقدمہ کرائیں، عدالتیں کھلی ہوئی ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ کہ میری بات سے فواد چوہدری کے حقوق کی پامالی ہوئی ہے یا عمران خان کی؟ اگر کسی کے حقوق پامال ہوئے ہیں تو وہ خود مقدمہ دائر کرے۔

جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ گفتگو کر رہے تھے کہ اذان شروع ہوگئی جس پر انہوں نے کہا کہ عصر کی اذان میری گواہی دے رہی ہے کہ سچا  آدمی بات کررہا ہے۔

اذان کے وقفے کے بعد دوبارہ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین نے میری بات کی تردید کی مجھے توقع تھی کہ ان کی طرف سے کیا جواب آئے گا، اگر  تردید نہ کرتے تو اور کیا کرتے؟

انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ ایسے اخراجات آؤٹ آف دا بکس ہوتے ہیں، عمران خان کے جہانگیر ترین سے تعلق کوئی خراب نہیں ، چینی اسکینڈل کا فائدہ جہانگیر ترین کو ہوا،جہانگیر ترین اپنے جہاز کی بات کریں، میں بات آگے بڑھانا  نہیں چاہتا۔

خیال رہے کہ وجیہہ الدین احمد نے گزشتہ دنوں الزام لگایا تھا کہ عمران خان کا گھر جہانگیر ترین کے پیسوں سے چلتا تھا جس پر جہانگیر ترین نے کہا کہ عمران خان کا گھر چلانے کے لیے کوئی پیسہ نہیں دیا، ہاں پارٹی چلانے کے لیے ضرور دیا۔

Back to top button