بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

چینی 150 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگی

تمام تر حکومتی اقدامات کے باوجود ملک میں چینی کی قیمت میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان میں چینی کی قیمت پیٹرول سے بھی زیادہ ہو گئی ہے اور مختلف شہروں میں چینی 150 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگی ہے جبکہ ملک میں اس وقت پیٹرول 138 روپے 30 پیسے فی لیٹر پر فروخت ہو  رہا ہے۔

پشاور کی ہول سیل مارکیٹ میں فی کلو گرام چینی کی قیمت میں 8 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔

صدر شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ہول سیل میں چینی 140 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ چینی کی ریٹیل قیمت 145 سے 150 روپے فی کلو تک ہو گئی ہے۔

دوسری جانب مارکیٹ ذرائع کا بتانا ہے کہ تھوک مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں 9 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے، اکبری منڈی میں چینی کی فی کلو قیمت 135 روپے ہو گئی ہے  اور پرچون میں چینی 140 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔

لاہور میں گزشتہ روز تھوک مارکیٹ میں چینی کی قیمت 126 روپے فی کلو تھی اور ذرائع کا اس حوالے کہنا ہے کہ چینی کے ڈیلرز  نے ناجائز  منافع کمانے کے لیے مصنوعی قلت پیدا کر کے چینی کی قیمت بڑھا دی ہے۔

کراچی میں بھی چینی کی ایکس ملز قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور چینی کی ایکس ملز قیمت 136 روپے کلو ہو گئی ہے۔

گزشتہ روز کراچی میں چینی کی ایکس ملز قیمت 130 روپے کلو تھی، دو ہفتوں میں چینی کی ایکس ملز قیمت 38 روپے فی کلو بڑھ چکی ہے۔

ایکس ملز قیمت میں اضافے کے ساتھ ہی ہول سیل میں چینی کی قیمت 138 روپے کلو ہو گئی ہے اور ریٹیلز سطح پر چینی کی قیمت کا اضافہ نئی خریداری پر منتقل ہو گا۔

کوئٹہ میں بھی چینی کی قیمت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے اور شہر میں چینی 5 روپے کلو اضافے کے بعد 124 سے بڑھ کر 129 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔

Back to top button