بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

فائرنگ سے اے ایس آئی جاں بحق

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ پولیس حکام اور رینجرز کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ جائے وقوعہ سے پستول کے 8 خول ملے ہیں۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن گلشن بہار میں فائرنگ سے اے ایس آئی جاں بحق ہو گیا۔

پولیس حکام کے مطابق گلشن بہار کی مارکیٹ میں پولیس اہلکار اے ایس آئی اکرم خان کو اس وقت ٹارگٹ کلنگ کانشانہ بنایا گیا جب وہ ساتھی اہلکار اے ایس آئی ظفر کے ساتھ ہوٹل میں بیٹھا تھا، اسی دوران شلوار قمیض پہنے ایک ملزم نے دو پستولوں سے ہوٹل میں داخل ہو کر دونوں اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔

واقعہ کی سی سی ٹی وی نجی ٹی وی چینل نے حاصل کرلی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم کی فائرنگ سے اے ایس آئی اکرم زخمی ہو کر گر گیا جبکہ ساتھی اے ایس آئی ظفر پر حملہ آور نے متعدد گولیاں چلائیں لیکن وہ بال بال بچ گیا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ اے ایس آئی اکرم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا لیکن وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ پولیس حکام اور رینجرز کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ جائے وقوعہ سے پستول کے 8 خول ملے ہیں۔

پولیس کے مطابق مقتول اور اس کا ساتھی اہلکار منگھوپیر تھانے کے شعبہ تفتیش میں تعینات تھے اور مقتول کا آبائی تعلق مانسہرہ سے ہے۔

حملہ آوروں کی ویڈیو ایک رکشہ ڈرائیور نے بھی بنائی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو موٹرسائیکل سوار ملزمان ہوٹل کے باہر کھڑے ہیں، ایک ہوٹل میں داخل ہوتا ہے اور فائرنگ کر دیتا ہے اس کے بعد ملزمان فرار ہو جاتے ہیں۔

یاد رہے کہ تین روز قبل کورنگی میں بھی نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار یاسر کو شہید کر دیا تھا۔

Back to top button