بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کا منصوبہ مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے،صدر عارف علوی

دونوں ایوانوں میں تحریک استحقاق کو الیکٹرانک یا کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے پیش کیا جائے گا،سید امین الحق

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے مختلف امور کو جنوری 2023 تک مکمل طور پر ڈیجیٹلائز ہونا چاہیے تاکہ اہم معاملات میں حکومتی ردعمل کے علاوہ شفافیت اور معیار بہتر ہوسکے۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں سائبر ایفیشینٹ پارلیمنٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یہ بہت اہم ہے کہ پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کا منصوبہ مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔

بعدازاں قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کے ہمراہ اجلاس میں شریک وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات سید امین الحق نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹیوں، جن میں قانون سازی اور کاروباری کمیٹیاں شامل ہیں، کو ان کی کارروائیوں کے تمام اجلاس کے ایجنڈوں کو ڈیجیٹل بنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ یہاں تک کہ دونوں ایوانوں میں تحریک استحقاق کو الیکٹرانک یا کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔

سید امین الحق نے بتایا کہ پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت وزارت آئی ٹی آئندہ بجٹ میں گرنٹ کا تقاضہ کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر آنے والی لاگت کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

علاوہ ازیں صدر مملکت نے منصوبے کی تکمیل پر فوری زور دیتے ہوئے وزارت آئی ٹی کو ہدایت کی کہ وہ پی سی ون تیار کرے۔

Back to top button