بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم شہباز شریف کا آسیان کے ساتھ شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف نے آسیان اور جنوب مشرقی ایشیا کے خطے کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ و بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وہ آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے آج اسلام آباد میں اُن سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے موجودہ خیرسگالی کو ٹھوس اقتصادی اور ترقیاتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے وسطی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور مغربی ایشیا کے سنگم پر پاکستان کے تزویراتی محلِ وقوع اور وسیع تر خطے کے لیے ایک راہداری کے طور پر اس کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔

فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے سمیت غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں اشتراکِ عمل کو وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

آسیان کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان کی پُرتپاک مہمان نوازی اور اپنے دورے کے بہترین انتظامات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے آسیان کے عزم کا اعادہ کیا، قریبی روابط میں پاکستان کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا اور یقین ظاہر کیا کہ مسلسل تعاون اور اس دورے سے باہمی شراکت داری کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button