بسم اللہ الرحمن الرحیم

صحت

ورلڈ چلڈرنز ڈے پر آغا خان یونیورسٹی اسپتال کی خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد، بچوں میں کھیل کود، کم اسکرین ٹائم اور صحت مند عادات کے فروغ پر زور

آغا خان یونیورسٹی اسپتال (AKUH) نے ورلڈ چلڈرنز ڈے کے موقع پر بچوں، خاندانوں اور طلبہ کے لیے ایک ہفتے پر مشتمل دلچسپ اور معلوماتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا۔ ان تقریبات میں بچوں کی صحت، تخلیقی صلاحیتوں اور نشوونما کو پروان چڑھانے کی اہمیت اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اسکرین اور ڈیجیٹل آلات سے ہٹ کر دیگر سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی گئی۔

ہفتے کا آغاز اسپتال میں زیرِ علاج بچوں کے لیے مختلف سرگرمیوں سے ہوا، جن میں نرسنگ کے طلبہ کی جانب سے پرفارمنس، جادو کے مظاہرے اور پھلوں کی تقسیم شامل تھی۔ اے کے یو ایچ کی پیڈیاٹرک نیورولوجسٹ ڈاکٹر شہناز ابراہیم نے ’’ہمارے گھروں میں کتابیں اور اسکرین ٹائم‘‘ کے موضوع پر ایک خصوصی نشست منعقد کی، جس میں بچوں میں اسکرین کے صحت مند استعمال کی عادات کو فروغ دینے اور ڈیجیٹل آلات کے استعمال میں توازن برقرار رکھنے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ اس سلسلے میں مطالعے، کھیل کود اور بچوں کی نشوونما میں معاون دیگر سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی پر بھی زور دیا گیا۔

اسکول کے طلبہ کو سرگرمیوں میں شامل کرنا بھی ان تقریبات کا ایک اہم حصہ تھا۔ نویں اور دسویں جماعت کے طلبہ نے صحت سے متعلق مسائل کے حل کے لیے اپنی تجاویز پر مبنی پریزنٹیشنز پیش کیں۔ اس نشست میں قلبی و تنفسی بحالی (سی پی آر) کا عملی مظاہرہ بھی شامل تھا، جس کے ذریعے نوجوان شرکاء کو مسائل حل کرنے کی صلاحیتیں فروغ دینے اور ممکنہ طور پر جان بچانے والی تکنیکیں سیکھنے کی ترغیب دی گئی۔

ہفتے کی ایک نمایاں سرگرمی اے کے یو اسپورٹس اینڈ ری ہیبلیٹیشن سینٹر (SRC) کے کرکٹ گراؤنڈ میں بچوں کے لیے واک کا انعقاد تھا۔ بچوں اور دیگر شرکاء نے رنگ برنگی شرٹس اور ٹوپیاں پہن کر واک میں حصہ لیا۔ اس کے بعد بچوں کی جانب سے تیار کردہ فن پاروں کی نمائش کی گئی، جن میں صنفی مساوات، تحفظ اور برابری جیسے موضوعات کو اجاگر کیا گیا۔ پروگرام میں آگ بجھانے کے طریقوں سے متعلق ایک خصوصی سیشن، بینڈ پرفارمنس اور دیگر تفریحی سرگرمیاں بھی شامل تھیں۔

تقریبات کے آخری روز اے کے یو ایچ کے پیڈیاٹرک آؤٹ پیشنٹ کلینکس میں آنے والے بچوں کے لیے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ ان میں دانتوں کی صفائی اور حفاظت سے متعلق آگاہی کے اسٹالز، فیس پینٹنگ، صحت بخش اور غیر صحت بخش غذاؤں سے متعلق آگاہی کی سرگرمیاں اور پتلی تماشے شامل تھے۔

اے کے یو ایچ میں بچوں کی صحت اور امراض کا شعبہ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فیضہ جہاں نے کہا ’’بچپن نشوونما اور ترقی کا ایک اہم مرحلہ ہے۔ اگرچہ ڈیجیٹل آلات روزمرہ زندگی کا بڑھتا ہوا حصہ بن چکے ہیں، تاہم بچوں کو اسکرین کے استعمال میں توازن برقرار رکھنے اور مطالعے، جسمانی سرگرمیوں، تخلیقی مشاغل اور بامقصد سماجی میل جول کی ترغیب دینا ضروری ہے۔ یہ تجربات صحت مند اور خوش باش بچوں کی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔‘‘

اے کے یو ایچ میں پیڈیاٹرک انفیکشس ڈیزیزز کنسلٹنٹ اور بچوں کی صحت اور امراض کا شعبہ کے وائس چیئر ڈاکٹر علی فیصل سلیم نے مزید کہا ’’ہر بچے کو محفوظ، معاون اور جامع ماحول میں پروان چڑھنے کا حق حاصل ہے، جہاں اس کی آواز سنی جائے اور اس کی صلاحیتوں کو پروان چڑھایا جائے۔ بچوں کے حقوق کے تحفظ، ان کی شرکت کی حوصلہ افزائی اور انہیں سیکھنے، اپنے خیالات کے اظہار اور زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔‘‘

یہ بھی پڑھیے

Back to top button