بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

پاکستان کا رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 1.274 کھرب روپے کا مالیاتی سرپلس ریکارڈ

پاکستان نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 1.274 کھرب روپے کا مالیاتی سرپلس ریکارڈ کیا ہے، جو مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا 0.9 فیصد بنتا ہے، جبکہ بنیادی مالیاتی سرپلس 2.974 کھرب روپے تک پہنچ گیا ہے۔

وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ پہلی سہ ماہی کے دوران بنیادی مالیاتی سرپلس جی ڈی پی کا 2.1 فیصد رہا، جو بجٹ میں مقررہ ہدف سے 239 ارب روپے زیادہ ہے۔ اس طرح بنیادی سرپلس میں 8.7 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسلسل گزشتہ تین مالی سالوں کی پہلی سہ ماہی میں مالیاتی سرپلس حاصل کیا ہے، جس سے 2002ء سے 2024ء تک مسلسل 23 سال پہلی سہ ماہی میں مالیاتی خسارے کا رجحان تبدیل ہوا ہے۔

خرم شہزاد کے مطابق مالی سال 2025ء کی پہلی سہ ماہی میں مالیاتی سرپلس 1.896 کھرب روپے جبکہ مالی سال 2026ء کے اسی عرصے میں 2.119 کھرب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران 26 سال میں پہلی سہ ماہی کے بلند ترین بنیادی مالیاتی سرپلس بھی ریکارڈ کیے گئے، جن میں سے ہر ایک 2.9 کھرب روپے سے زائد رہا۔

مالی سال 2026ء کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خزانہ کے مشیر نے کہا کہ مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 2.6 فیصد تک محدود رہا، جو 22 سال کی کم ترین سطح ہے، جبکہ بنیادی مالیاتی سرپلس جی ڈی پی کے 2.9 فیصد تک پہنچ گیا، جو کم از کم مالی سال 2001ء کے بعد بلند ترین سطح ہے۔

خرم شہزاد نے کہا کہ پاکستان نے 2024ء سے 2026ء تک مسلسل تین سال سالانہ بنیادی مالیاتی سرپلس حاصل کیا، جبکہ مالی سال 2026ء کے دوران سود کی ادائیگیوں کے اخراجات میں 22 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مالی سال 2027ء کے بجٹ میں ٹیکسوں میں ریلیف دینے کے اقدامات کے باوجود پہلی سہ ماہی میں ٹیکس وصولیاں مقررہ ہدف سے تجاوز کر گئیں، جبکہ حکومتی اخراجات کو بھی محتاط اور مناسب سطح پر رکھا گیا۔

وزیر خزانہ کے مشیر کے مطابق پاکستان کی مالیاتی کارکردگی اب عارضی بہتری کے بجائے مسلسل مالیاتی نظم و ضبط اور استحکام کی عکاسی کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button