بسم اللہ الرحمن الرحیم

مضامین

قومی تعمیر و ترقی میں کسانوں کے کردار کی اہمیت

خصوصی تحریر

کسی بھی ملک کی ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام کا دارومدار اس کی زراعت، صنعتی ترقی، تعلیمی معیار اور قومی وسائل کے مؤثر استعمال پر ہوتا ہے، لیکن ان تمام شعبوں میں زراعت کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ زراعت کسی بھی ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی تصور کی جاتی ہے اور اس شعبے کی اصل طاقت کسان ہے، جو اپنی شب و روز کی محنت، مشقت اور لگن سے زمین کے سینے کو چیر کر قوم کے لیے رزق پیدا کرتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ کسان صرف فصلیں اگانے والا فرد نہیں بلکہ قومی تعمیر و ترقی، معاشی استحکام اور غذائی خودکفالت کا ایک اہم معمار ہے۔

پاکستان ایک زرعی ملک ہے جہاں زراعت قومی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ گندم، چاول، کپاس، گنا، مکئی، دالیں، سبزیاں اور پھل نہ صرف ہماری غذائی ضروریات پوری کرتے ہیں بلکہ ملکی صنعتوں کو خام مال فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری سے لے کر چینی کی صنعت اور خوراک سے متعلق دیگر کاروباری شعبوں تک بے شمار صنعتوں کا انحصار براہِ راست یا بالواسطہ زرعی پیداوار پر ہے۔ ان تمام سرگرمیوں کے مرکز میں کسان کھڑا ہے، جو موسم کی سختیوں کے باوجود اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے۔

کسان کی محنت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جب شہری آبادی اپنے روزمرہ معمولات میں مصروف ہوتی ہے تو کسان کھیتوں میں پسینہ بہا کر پوری قوم کے لیے خوراک کا انتظام کر رہا ہوتا ہے۔

قومی تعمیر و ترقی میں کسانوں کا کردار صرف غذائی ضروریات پوری کرنے تک محدود نہیں بلکہ دیہی معیشت کو فعال رکھنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، غربت میں کمی لانے اور ملکی معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں بھی نہایت اہم ہے۔ پاکستان کی ایک بڑی آبادی دیہی علاقوں میں رہائش پذیر ہے، جس کا روزگار کسی نہ کسی صورت زراعت سے وابستہ ہے۔ اگر کسان خوشحال ہوگا تو دیہی علاقوں میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی، لوگوں کی قوتِ خرید میں اضافہ ہوگا، کاروبار ترقی کریں گے اور مجموعی طور پر ملکی معیشت مضبوط ہوگی۔

ہمارا کسان جدید زرعی ٹیکنالوجی، معیاری بیج، معیاری کھاد، زرعی ادویات اور جدید مشینری کا استعمال کرکے فی ایکڑ پیداوار بڑھا سکتاہے ۔ نہری نظام کی بہتری، بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے منصوبے، ڈرپ اریگیشن، اسپرنکلر نظام اور جدید زرعی تحقیق کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسی طرح کسانوں کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے جدید معلومات اور تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ کم وسائل میں زیادہ اور معیاری پیداوار حاصل کر سکیں۔

کسانوں کی معاشی آسودگی کےلیے حکومت کی زرعی پالیسیاں قابل صد ستائش و لائق تحسین و آفرین ہیں ۔ ان اقدامات سے کسان کو اس کی پیداوار کا جائز معاوضہ ملے گا تو وہ نہ صرف اپنی معاشی حالت بہتر بنا سکے گا بلکہ زرعی شعبے میں مزید سرمایہ کاری کرنے کے قابل بھی ہوگا۔کسانوں کے مطابق جدید تحقیق کے ذریعے ایسی فصلوں کی اقسام متعارف کروائی جائیں جو کم پانی میں زیادہ پیداوار دے سکیں اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔ نوجوان نسل کو زراعت کے جدید طریقوں کی جانب راغب کرنا بھی ضروری ہے تاکہ روایتی کاشتکاری کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کو یکجا کرکے زرعی شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز کیا جا سکے۔

اس کے ساتھ ساتھ کسانوں کو چاہیے کہ وہ روایتی طریقہ ہائے کاشتکاری کے بجائے جدید زرعی اصولوں کو اپنائیں، پانی کے ضیاع کو روکیں، زمین کی زرخیزی برقرار رکھیں، فصلوں کی بہتر منصوبہ بندی کریں اور زرعی ماہرین کی مشاورت سے کاشتکاری کے فیصلے کریں۔ فصلوں کی باقیات کو جلانے کے بجائے ماحول دوست طریقوں سے تلف کرنا اور زمین کے قدرتی وسائل کا تحفظ بھی ان کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

بلاشبہ کسان ہمارے معاشرے کا وہ محنت کش طبقہ ہے جس کے ہاتھوں میں قوم کی خوشحالی، خودکفالت اور روشن مستقبل کی کنجی ہے۔ یاد رکھیے! کھیتوں میں لہلہاتی فصلیں صرف زمین کی خوبصورتی نہیں بلکہ قوم کی خوشحالی، خودمختاری اور روشن مستقبل کی علامت ہیں۔ کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button