
پاکستان طویل المدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے مسابقتی ملک بننے کا خواہاں ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان طویل المدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی اور پُرکشش ملک بننے کا خواہاں ہے، اس مقصد کے لیے کان کنی کے پورے نظام کی سکیورٹی یقینی بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے شرکاء سے اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ کانوں، کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتوں، منصوبوں اور ان سے وابستہ تمام افراد کو بھرپور تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معدنی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنا ایک مشترکہ قومی مقصد ہے۔ ملک کا ہدف صرف خام معدنیات برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ سمیت معدنیات کی مکمل ویلیو چین کو فروغ دینا ہے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ پاکستان طویل المدتی شراکت داریوں کو فروغ دینا چاہتا ہے، جن کے ذریعے ملک اور اس کے شراکت داروں کے لیے پائیدار معاشی فوائد پیدا ہوں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معدنی وسائل کی ترقی کے ثمرات مقامی آبادی تک پہنچنے چاہئیں اور معدنی ذخائر سے مالا مال علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی زندگیوں میں نمایاں بہتری آنی چاہیے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستانی عوام محنتی، بہادر اور پُرعزم ہیں اور ان میں خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ ملکی وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں، تاہم ان مواقع کو کامیابی میں بدلنے کی اصل طاقت پاکستان کے عوام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو محض امکانات سے آگے بڑھ کر پیداوار، وعدوں سے عملی اقدامات اور خام معدنیات کی برآمد سے ویلیو ایڈڈ ترقی کی جانب سفر کرنا ہوگا۔















