
وزیراعظم کی عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے معدنی وسائل سے استفادہ کرنے اور سرمایہ کاری کی دعوت
وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے وسیع معدنی وسائل سے استفادہ کرنے، کان کنی کے ساتھ معدنیات کی پراسیسنگ اور مینوفیکچرنگ کی صنعتیں قائم کرنے کی دعوت دے دی۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خام معدنیات برآمد کرنے کے بجائے ان میں ویلیو ایڈیشن اور صنعتی ترقی پر توجہ دینا ہوگی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی سرمایہ کار پاکستان میں کان کنی کریں، یہیں معدنیات کی پراسیسنگ اور مصنوعات تیار کریں اور پھر انہیں دنیا بھر میں برآمد کریں۔ اس مقصد کے لیے ملک میں ریفائنریز، اسمیلٹرز، کیبل اور کنڈکٹر فیکٹریوں سمیت دیگر صنعتی یونٹس قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے ریکوڈک منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے تانبے اور سونے کے بڑے غیر استعمال شدہ ذخائر میں شامل اس منصوبے پر کام جاری ہے اور 2028ء میں پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔ یہ منصوبہ تقریباً دو دہائیوں تک تعطل کا شکار رہا، تاہم اب عملی پیش رفت کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
شہباز شریف نے پاکستان پر بیرک کی مسلسل سرمایہ کاری کے اعتماد کو سراہتے ہوئے کہا کہ گولڈمین سیکس کے جائزے کے مطابق پاکستان 2075ء تک دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن سکتا ہے، تاہم انہیں یقین ہے کہ پاکستان یہ ہدف 2050ء سے پہلے حاصل کر سکتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو شفاف قوانین، یکساں مواقع، تیز رفتار فیصلوں، پالیسیوں میں تسلسل اور مضبوط ادارہ جاتی نظام کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے غیر ضروری دفتری رکاوٹیں ختم، پیچیدہ طریقہ کار آسان اور لائسنسوں و معاہدوں کے اجرا میں شفافیت یقینی بنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نیشنل منرل ڈیٹا سیل اور ارضیاتی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سے سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری سے قبل زیر زمین معدنی ذخائر کے بارے میں مستند معلومات دستیاب ہوں گی۔
وزیراعظم نے یقین دلایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کرنے کے لیے مل کر کام کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے عملے، اثاثوں اور سپلائی روٹس کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
شہباز شریف نے سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ اگر ان کی کوئی فائل بیوروکریسی یا پیچیدہ دفتری طریقہ کار کے باعث التوا کا شکار ہو تو براہ راست ان کے پاس لائیں، وہ ذاتی طور پر اس پر تیز رفتار پیش رفت یقینی بنائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی اصل دولت صرف اس کے پہاڑوں میں موجود معدنی ذخائر نہیں بلکہ ملک کے باصلاحیت نوجوان بھی ہیں۔ پاکستانی نوجوان تعلیم یافتہ، باہمت اور ثابت قدم ہیں اور ان میں قدرتی وسائل کو قومی ترقی اور خوشحالی میں تبدیل کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے عالمی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں فنی تربیت کے مراکز اور ووکیشنل ادارے قائم کریں، ٹیکنالوجی کی منتقلی کو فروغ دیں اور مقامی سپلائرز کو کاروباری مواقع فراہم کریں تاکہ نوجوان ہنرمند پیشہ ور، جدت پسند اور کاروباری افراد بن سکیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ کان کنی کے شعبے میں ہونے والی ہر سرمایہ کاری سے مقامی سطح پر روزگار، کاروبار اور ٹھیکیداروں کے لیے مواقع پیدا ہونے چاہئیں۔ اس کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں اسکول، کلینک، صاف پانی اور بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت صوبائی حکومتوں اور سرمایہ کاروں کے اشتراک سے اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کان کنی کے مقامات کے قریب رہنے والے مقامی افراد ان معاشی سرگرمیوں کے بنیادی مستفید ہوں۔
ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ ترقی اور ماحولیات کا تحفظ ساتھ ساتھ چلنا چاہیے۔ پاکستان بین الاقوامی معیار کے مطابق ذمہ دارانہ کان کنی کو فروغ دے گا اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے آبی وسائل، مزدوروں کی صحت و سلامتی اور قدرتی ماحول کا تحفظ یقینی بنائے گا۔
شہباز شریف نے عالمی سرمایہ کاروں کو دوبارہ پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومتیں اور تمام قومی ادارے سرمایہ کاروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور اس کے عالمی شراکت دار مل کر ملک کے معدنی وسائل کو باہمی فائدے پر مبنی معاشی تعاون، صنعتی ترقی اور مشترکہ خوشحالی میں تبدیل کر سکتے ہیں۔















