
ملتان: رحمان بابا ایکسپریس کی متعدد بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں، چار افراد جاں بحق
ملتان میں آج صبح کراچی سے پشاور جانیوالی رحمان بابا ایکسپریس کی متعدد بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو نشتر سپتال ملتان منتقل کر دیا گیا ہے۔
ادھر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملتان کے قریب رحمن بابا ایکسپریس کے پٹری سے اترنے کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں حادثے میں جاں بحق مسافروں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی اورزخمی مسافروں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا
صدرآصف زرداری نے متعلقہ حکام کو متاثرہ مسافروں کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لئے شفاف تحقیقات کروائی جائیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملتان میں رحمن بابا ایکسپریس کی بوگیاں ریلوے لائن سے اترنے کے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری کردہ بیان کے مطابق، وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔















