
وزیراعظم کی متعلقہ حکام کو دانش آئی ٹی پارک، اسلام آباد کو ٹیکنالوجی کے عالمی معیار کا مرکز بنانے کی ہدایت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ دانش آئی ٹی پارک، اسلام آباد کو ٹیکنالوجی کے عالمی معیار کا مرکز بنائیں۔
آج اسلام آباد میں دانش آئی ٹی پارک کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دانش آئی ٹی پارک کو اکیڈیمیا اور انڈسٹری کے مؤثر اشتراک سے جدید آئی ٹی ایکو سسٹم کا مرکز بنایا جائے۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور فن ٹیک کے شعبوں میں جدید مہارتوں کی فراہمی اور آئی ٹی انٹرپرینیورز کیلئے نئے مواقع پیدا کرنے کا سفر جاری رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دانش آئی ٹی پارک میں عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی شراکت داری سے آپریشنز شروع کئے جائیں۔
انہوں نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو دانش آئی ٹی پارک اسلام آباد کے منصوبے کی جامع کیس اسٹڈی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے منصوبے کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا بھی حکم دیا۔
اس موقع پر اجلاس کو آئی ٹی برآمدات میں اضافے اور اس سیکٹر میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جامع ایکو ـ سسٹم کی تشکیل پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے تحت 50 نجی عمارتوں کو سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس میں اپـگریڈ کیا جا چکا ہے۔ ملک میں اسٹارٹ ـ اپس کی معاونت کیلئے 8 انکیوبیشن سینٹرز قائم کئے جاچکے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق آئی ٹی پروفیشنلز کو سہولیات کی فراہمی کیلئے 105 کو ـ ورکنگ اسپیسز (co-working spaces) فعال ہیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ دانش آئی ٹی پارک اسلام آباد میں آپریشنز کیلئے عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں سے رابطے کئے جا رہے ہیں۔















