بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان کا سرحدی واقعے پر بھارت سے شدید احتجاج

پاکستان نے سرحدی واقعے پر بھارت سے شدید احتجاج کرتے ہوئے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں نے جمعہ کے روز بین الاقوامی سرحد کے ساتھ بدیان سیکٹر میں دو پاکستانی شہریوں کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی بی ایس ایف اہلکاروں نے غیر مسلح شہریوں کے خلاف بلااشتعال مہلک طاقت کا استعمال کیا، جو مکمل طور پر بلاجواز اور انتہائی غیر متناسب تھا، جس کے نتیجے میں دو قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔

پاکستان نے جاں بحق شہریوں کو ’’درانداز‘‘ قرار دینے کی کسی بھی کوشش کو واضح طور پر مسترد کردیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ واقعہ بنیادی انسانی حقوق، بالخصوص حقِ زندگی کی سنگین خلاف ورزی ہے اور بین الاقوامی قانون کے تحت شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے بھی شدید تشویش کا باعث ہے۔

بھارتی حکام پر زور دیا گیا کہ واقعے کی فوری، شفاف اور قابلِ اعتماد تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف مناسب قانونی اور محکمانہ کارروائی کی جائے اور تحقیقات کے نتائج و کی گئی کارروائی سے حکومتِ پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے۔

پاکستان نے بھارت پر زور دیا کہ بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کا احترام یقینی بنائے، متعلقہ دوطرفہ انتظامات اور طے شدہ سرحدی طریقہ کار کی پابندی کرے، ایسے واقعات سے نمٹنے میں زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرے اور مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button