
آرچ بشپ رچرڈ گالاگر کا کل سے پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ
ہولی سی کے سیکریٹری برائے ریاستی و بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ تعلقات آرچ بشپ پال رچرڈ گالاگر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر کل سے پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔
یہ ہولی سی کے سیکریٹری برائے ریاستی و بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ تعلقات کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ یہ دورہ پاکستان اور ہولی سی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر بھی ہو رہا ہے۔
دورے کے دوران آرچ بشپ گالاگر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے، جس میں بین المذاہب ہم آہنگی، مکالمے اور امن سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
آرچ بشپ گالاگر کی وزیراعظم پاکستان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ وہ پاکستان میں کیتھولک برادری کے ارکان سے بھی ملاقات کریں گے۔
یہ دورہ پاکستان اور ہولی سی کے دیرینہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے اور باہمی افہام و تفہیم، تعاون، اعتماد، بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے فروغ کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔















