
توانائی کا تحفظ معاشی استحکام اور لچک کے لیے اہم ہے، محمد اورنگزیب
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ توانائی کا تحفظ معاشی لچک اور مجموعی معاشی استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔
نیویارک میں ورلڈ اکنامک فورم کے زیر اہتمام اعلیٰ سطحی مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جاری جغرافیائی سیاسی تنازعات اور ایندھن کی فراہمی میں رکاوٹوں کے باعث عالمی توجہ توانائی کی منتقلی سے ہٹ کر فوری طور پر توانائی کے تحفظ کے چیلنج کی جانب منتقل ہوئی ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں شمسی توانائی کے شعبے میں نمایاں توسیع ہوئی ہے، جس میں نجی شعبے نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ امر درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کے لیے قابلِ تجدید توانائی کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔
وفاقی وزیر نے زور دیا کہ توانائی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے چیلنجز کے وسیع تر معاشی اثرات ہیں، کیونکہ توانائی کا تحفظ غذائی تحفظ اور مجموعی معاشی مضبوطی سے بھی گہرا تعلق رکھتا ہے۔















