
وزیراعظم کی ایف بی آر اصلاحات پر عملدرآمد مزید تیز کرنے کی ہدایت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایف بی آر اصلاحات پر عملدرآمد مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں جاری اصلاحات کے حوالے سے اسلام آباد میں ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کاروباری برادری کے جاری ٹیکس اصلاحات پر بڑھتے اعتماد کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے چیئرمین ایف بی آر اور سینئر افسران کو ہر ماہ کراچی کے ساتھ لاہور میں بھی 2 روز قیام کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ایف بی آر کو ہدایت کی کہ مقررہ ریونیو ہدف کے حصول کیلئے انفورسمنٹ کے اقدامات کو تیز کیا جائے۔
انہوں نے ایف بی آر کی جانب سے چکوال اور صوابی میں سگریٹ سازی کی غیر قانونی فیکٹریوں کے خلاف اقدامات کو سراہا۔
شہباز شریف نے ان لینڈ ریونیو کیلئے مجوزہ فیس لیس نظام کی بروقت تکمیل کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ فیس لیس نظام کا مکمل رول آؤٹ 2027ء تک یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ فیس لیس ان لینڈ ریونیو نظام کا پہلا مرحلہ اس سال یکم اکتوبر سے فعال ہوگا۔
بریفنگ کے مطابق اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی فیس لیس نظام ایف بی آر کی حالیہ ڈیجیٹائز یشن اصلاحات کا اہم حصہ ہے۔ اس نظام میں ٹیکس گوشواروں کے آڈٹ کیلئے نیشنل فیس لیس آڈٹ ونگ اور اسیسمینٹ کیلئے فیس لیس اسیسمینٹ یونٹ شامل ہیں۔














