بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، پاکستان کو پہلے ہی میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست

برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے گروپ اے کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 64 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں شاندار کامیابی حاصل کر لی۔

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔ اوپنر اسمرتی مندھانا نے 44 گیندوں پر 68 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ کپتان ہرمن پریت کور نے 35 گیندوں پر 36 اور رچا گھوش نے صرف 17 گیندوں پر 34 رنز اسکور کیے۔ دیپتی شرما 9 گیندوں پر 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔

پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثناء اور سعدیہ اقبال نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شمیم اور تسمیہ روباب نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم صرف 106 رنز بنا کر 17 اوورز میں آؤٹ ہو گئی۔ منیبہ علی 35 گیندوں پر 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، جبکہ عالیہ ریاض نے 18، ظفر نے 12 اور فیروزہ نے بھی 12 رنز اسکور کیے۔

بھارت کی جانب سے دیپتی شرما نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 10 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کی بہترین کھلاڑی ثابت ہوئیں۔ سری چرانی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شیفالی ورما نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس فتح کے ساتھ بھارت نے گروپ اے میں اہم دو پوائنٹس حاصل کر لیے، جبکہ پاکستان کو ایونٹ میں اپنی مہم کے آغاز پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button