
وزیراعظم کا معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور
وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے روزگار کے فروغ، پیداوار اور برآمدات میں اضافے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بے پناہ چیلنجز کے باوجود پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی ہے۔
انہوں نے پٹرولیم بحران سے نمٹنے اور آئی ایم ایف پروگرام پرکامیاب عملدرآمد میں صوبوں کے تعاون کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اس سلسلے میں اپنے محدود وسائل سے پہلے ہی ایک سو اٹھائیس ارب روپے خرچ کر چکی ہے۔
شہباز شریف نے برآمدات میں اضافے، مینوفیکچرنگ سیکٹر کی بحالی اور معیشت کی بہتری کے لیے مراعات فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات مجموعی قومی پیداوار کی شرح بہتر بنانے اور لوگوں کو ٹھوس ریلیف فراہم کرنے کے لیے ناگزیر ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی دفاع کو مزید مضبوط بنانا اولین قومی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دے رہی ہے۔
انہوں نے بالخصوص خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں گرانقدر قربانیوں کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے ملکی عزم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی اتحاد اور اتفاق رائے سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ نے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب علالت کے باعث اجلاس میں شریک نہ ہو سکیں۔















