بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، اہم رنگ لیڈر سمیت 23 خوارج ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں انٹیلی جنس بیسڈ مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج نیٹ ورک کے مزید 23 خوارج کو ہلاک کر دیا، جن میں اہم رنگ لیڈر جان میر عرف طور ثاقب بھی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشتگرد خطرات کے خاتمے اور خوارج نیٹ ورکس کو تباہ کرنے کیلئے دتہ خیل، سپین وام اور بنوں میں کارروائیاں کیں۔

کارروائیوں کے دوران فورسز نے خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 23 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خارجی جان میر سیکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھا اور حکومت نے دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں، سیکیورٹی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث ہونے پر اس کے سر کی قیمت مقرر کر رکھی تھی۔

خارجی کمانڈر کی ہلاکت کو علاقے میں سرگرم خوارج نیٹ ورکس کیلئے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور دیسی ساختہ بم بھی برآمد کیے۔

کلیئرنس آپریشن کے دوران خوارج کے زیرِ استعمال زیرِ زمین سرنگوں اور بنکروں کا ایک پیچیدہ نیٹ ورک بھی دریافت کیا گیا جسے بعد ازاں تباہ کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے “عزمِ استحکام” وژن کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button