بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

معاہدوں کی پاسداری، قانونی یقین دہانی اور تنازعات کے پرامن حل مستحکم عالمی نظام کیلئے ناگزیر ہیں، نائب وزیراعظم

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے منشور اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں چار روزہ تربیتی پروگرام “ایڈوانسڈ ٹریٹی پریکٹس: فرام سگنیچر ٹو ڈومیسٹک لا” کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

یہ پروگرام وزارتِ قانون و انصاف نے انٹرنیشنل میڈی ایشن اینڈ آربیٹریشن سینٹر کے تعاون سے منعقد کیا تھا۔

اسحاق ڈار نے آذربائیجان، بنگلہ دیش، چین، پاکستان اور ترکیہ سے تعلق رکھنے والے شرکاء کا خیر مقدم اور مبارکباد پیش کی، جبکہ کورس کے دوران ان کی فعال شرکت کو سراہا۔ انہوں نے وزارتِ قانون و انصاف، انٹرنیشنل میڈی ایشن اینڈ آربیٹریشن سینٹر اور وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے دوست ممالک کیلئے معاہداتی امور کی استعداد کار بڑھانے سے متعلق اس اعلیٰ معیار کے پروگرام کا کامیاب انعقاد یقینی بنایا۔

نائب وزیراعظم نے گزشتہ دو برس کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ معاہدوں کی پاسداری، قانونی یقین دہانی اور تنازعات کے پرامن حل ایک مستحکم عالمی نظام کیلئے ناگزیر ہیں۔

اسحاق ڈار نے آذربائیجان، بنگلہ دیش، چین اور ترکیہ کے ساتھ پاکستان کی مضبوط اور دیرینہ شراکت داری کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں اور پروگرام کی کامیاب تکمیل کا اعلان کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button