
وزیراعلیٰ پنجاب کی لاسٹ مائل واٹر سپلائی منصوبے کی منظوری، صاف پانی ہر شہری کا حق ہے، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاسٹ مائل واٹر سپلائی منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ صاف پانی کی فراہمی عوام کا حق ہے اور ہر شہری کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے لاہور میں صاف پانی اتھارٹی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبے بھر میں 5 ہزار سے زائد واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب مکمل کرنے کے لیے آئندہ سال جون کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی۔
وزیراعلیٰ نے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی نگرانی کی ذمہ داری ڈپٹی کمشنرز کو سونپ دی، تاکہ منصوبے پر عمل درآمد اور شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
اجلاس میں مریم نواز نے لاسٹ مائل واٹر سپلائی منصوبے کی بھی منظوری دی، جس کے تحت چکوال، راولپنڈی اور راجن پور کے مزید متاثرہ علاقوں میں پانی فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔















