بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے عزم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے عزم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

سینیٹ میں حزب اختلاف کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کر دیا ہے کہ افغانستان کو پاکستان اور دہشت گردی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خاتمے تک افغانستان میں دہشت گردوں کے تربیتی کیمپوں اور پناہ گاہوں کو نشانہ بناتا رہے گا۔

مشیر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے متعدد بار اپوزیشن کو سیاسی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی میز پر آنے کی دعوت دی ہے۔

دریں اثنا، پارلیمانی امور کے وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ مقررہ قواعدوضوابط کے تحت آف لوڈنگ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔

یہ بات انہوں نے آج سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہی۔

وفاقی وزیر نے مزید واضح کیا کہ جب ابتدائی جانچ پڑتال کے دوران مسافر کی سفری دستاویزات یا پروفائل میں تضادات کی نشاندہی کی جاتی ہے، تو کیس کو مزید جانچ کے لیے بھیج دیا جاتا ہے۔

وفاقی وزیر نے ایوان کو مزید بتایا کہ ایف آئی اے نے تمام امیگریشن کاؤنٹرز پر مسافروں کے حقوق، شکایت اور اپیل کے طریقہ کار سے متعلق معلومات اُردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں نمایاں طور پر آویزاں کی ہیں اور اسے عوامی آگاہی اقدامات کے ذریعے پھیلایا ہے۔

وفاقی وزیر نے کسی بھی ملک بالخصوص متحدہ عرب امارات سے پاکستانی شہریوں کی بے دخلی کی خبروں کو بھی مسترد کیا۔

ایوان کا اجلاس اب جمعے کی صبح ساڑھے دس بجے ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button