بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم اورآذربائیجان کے صدر کا خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج آذربائیجان کے صدرIlham Aliyev سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان نہایت گرمجوشی اور خیرسگالی پر مبنی گفتگو ہوئی، جس کے دوران انہوں نے باہمی تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا اور پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات اور دوستی کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے صدر Aliyev کو آئندہ ہفتے باکو میں منعقد ہونے والے ورلڈ اربن فورم کے کامیاب انعقاد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آذربائیجان کی قیادت میں یہ فورم عالمی شہری ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے ایک موثر اور اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ وزیراعظم نے ناگزیر سرکاری مصروفیات کے باعث ذاتی طور پر فورم میں شرکت کرنے سے معذرت کی، تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فورم میں اعلیٰ سطحی نمائندگی ہوگی۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، اور عوامی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے خطے کی صورتحال بالخصوص مشرقِ وسطی میں جاری امن کوششوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔صدر Aliyev نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے قیام میں پاکستان کی انتہائی کامیاب سفارتی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان اور اس کی قیادت پر عالمی برادری کے اعتماد اور بھروسے کا واضح مظہر ہے۔دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور رواں سال کے آخر میں اپنی بالمشافہ ملاقات کے منتظر ہونے کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے صدر Aliyev کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی پرخلوص دعوت کا اعادہ بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button