
معرکہ حق اللہ تعالیٰ کے انعامات پرسجدہ شکرکا دن ہے، وزیراعظم
وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ معرکہ حق اللہ تعالی کے بے شمار انعامات اور احسانات پر اس کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے۔
معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج ہم اس عزم، جرات اور استقامت کو یاد کر رہے ہیں جس کا مظاہرہ پاکستان نے آزمائش کی گھڑی میں کیا اور دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء کوخراج عقیدت ان کے اہل خانہ اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جو فولادی دیوار بن کر اپنے وطن کے دفاع کے لیے ڈٹ گئے۔ بری، بحری، فضائی اور سائبر محاذوں پر ہماری افواج کے مربوط، منظم اور ہم آہنگ ردِعمل نے پاکستان کو ایک ناقابلِ تسخیر قوت کے طور پر منوایا۔
شہبازشریف نے کہا کہ معرکہ حق اس حقیقت کی روشن دلیل ہے کہ پاکستانی قوم امن پسند ہونے کے ساتھ ساتھ بہادر، باوقار، ثابت قدم اور غیرت مند قوم ہے، جسے نہ تو مرعوب کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی کسی جارحیت کے ذریعے جھکایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق تاریخ میں ایک ایسے عظیم کارنامے کے طور پر ثبت ہو چکا ہے جس میں دشمن کی بلا اشتعال جارحیت کے مقابلے میں پاکستان نے فیصلہ کن برتری حاصل کی۔ دشمن کو حقیقت کا ایسا سبق دیا گیا جس نے اس کے ناقابلِ شکست ہونے کے زعم کو خاک میں ملا دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ان کی جراتمندانہ اور دلیرانہ قیادت پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہم ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ایڈمرل نوید اشرف کو بھی ان کی مدبرانہ حکمتِ عملی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی بہادر مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستانی قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ پاکستان اور بھارت کے تناظر میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ایک جانب اپنے امن کے عزم کو واضح کیا، تو دوسری جانب دفاعی توازن کو بحال کرتے ہوئے اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا بھرپور تحفظ یقینی بنایا۔















