بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو شکست، نیوزی لینڈ کی سیریز میں 1-2 کی برتری

چوتھے ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 4 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چوتھے ٹی20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔مہمان نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان  پر 178 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کے ٹم رابنسن 51 اور ڈین فوکس کرافٹ 34 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ ٹام بلینڈل نے 28 اور مائیکل بریسویل نے 27 رنز بنائے، جوش کلارکسن صفر پر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اسامہ میر اور افتخار احمد نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم 179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹ پر 174 رنز بناسکی۔پاکستان کی جانب سے فخر زمان 61 رنز بناکر نمایاں رہے، افتخار احمد 23 ، صائم ایوب 20 اور عثمان خان نے 16 رنز بنائے۔ عماد وسیم 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کےکپتان بابر اعظم نے کہا کہ ڈیو فیکٹر کی وجہ سے بولنگ کا فیصلہ کیا، ہماری ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں، محمد رضوان اور عرفان خان ان فٹ ہیں۔محمد عامر ، عماد وسیم ، فخر زمان اور زمان خان کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔

بابر اعظم نے بتایا کہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو ریسٹ دیا گیا ہے۔نیوزی لینڈ کے کپتان نے کہا کہ ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی تھیں۔واضح رہے پاک نیوزی لینڈ ٹی20 سیریز میں مہمان ٹیم کو 1-2 سے برتری حاصل ہوگئی ہے۔ سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

مزید پڑھیے  مارٹن گپٹل نے ویرات کوہلی کو ایک اور ریکارڈ سےمحروم کردیا
Back to top button