بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

انتخابات 2024، کاغذات نامزدگی جمع کرانا کا وقت ختم

آئندہ برس 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانےکا وقت ختم ہوگیا ہے۔کاغذات نامزدگی جمع کرانےکے لیے آج ساڑھے چار بجےتک کی مہلت تھی جو ختم ہوگئی ہے۔الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہےکہ کاغذات نامزدگی جمع کرانےکے وقت میں اضافہ نہیں کیا گیا، آراو اور  ڈی آراو کے دفاتر کے احاطے میں موجود امیدواروں  سےکاغذات وصول کیے جائیں گے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے آج لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ خرم دستگیر خان نے این اے 78 گوجرانوالہ کی نشست کے لیے کاغذات جمع کرائے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ڈاکٹریاسمین راشد نے بھی این اے 130 سے اپنے کاغذات جمع کرائے جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے  اقبال احمد خان، جماعت اسلامی کی جانب سے صوفی خلیق اور احمد بٹ اور جے یو آئی کی طرف سے مولانا سلیم اللہ قادری نے کا غذات نامزدگی جمع کرائے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے این اے 194 لاڑکانہ سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے این اے 150 ملتان سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔این اے 150سے زین قریشی اور مہربانو قریشی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ  این اے 180 کوٹ ادو سے سابق وزیر خارجہ حناربانی کھر نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بھی کراچی سے این اے 249 کی نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، سربراہ ایم کیوایم نے  این اے 248 اور  این اے 250 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

مزید پڑھیے  نواز شریف کی مخالفت میں قوم کو تقسیم در تقسیم کیا گیا،شہباز شریف

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات سے متعلق سماعت انتخابات کے بعد کی جائے گی، اس وقت درخواستوں پر سماعت کی تو الیکشن پروگرام پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔خیال رہے کہ ہائیکورٹس نے حلقہ بندیوں کے 15 مقدمات الیکشن کمیشن واپس بھجوائے ہیں، سپریم کورٹ کی ہدایت ہے الیکشن کمیشن 30 نومبر کی حلقہ بندیوں پر الیکشن کرائے۔

Back to top button